پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن پاکستان میں عالمی مقابلوں میں سکیورٹی فیس ختم کرے، قمر زمان

پیر 21 اکتوبر 2019 12:07

پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن پاکستان میں عالمی مقابلوں میں سکیورٹی فیس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) نے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن ( پی ایس ای) سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں عالمی مقابلوں میں سکیورٹی فیس کو ختم کرے جس سے سکواش کے کھیل کی حوصلہ افزائی نہیں ہو رہی بلکہ اسے نقصان ہو رہا ہے۔ پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ایف کے نائب صدر قمر زمان نے بتایاکہ فیڈریشن نے پی ایس اے کو ایک مراسلہ بھجوایا جس میں کہا گیا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کی طرح پاکستان میں پی ایس اے کے میچوں میں سکیورٹی فس کو ختم کرے کیونکہ اس سے سپانسر ڈس کریج ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں عالمی مقابلے پہلے سے بحال ہوچکے ہیں۔ یہاں عالمی کرکٹ کے دروازے بھی کھل چکے ہیں اور سکواش کے مقابلے لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں کامیابی کے ساتھ کرائے گئے ہیں اس لئے سکواش کے کھیل کی حوصلہ افزائی کیلئے پاکستان میں بین الاقوامی پی ایس اے کے میچوں میں میچ فیس کو ختم کیا جائے اور پاکستان کے ساتھ دوسرے ممالک جیسا یکساں سلوک کیا جائے۔

(جاری ہے)

قمر زمان نے کہا کہ پی ایس اے میں سابق کھلاڑی موجود ہیں جنہوں نے خود بھی انہیں مراسلہ بھجوایا ہے اور وہ کوشش کر رہے ہیں کہ وہ لندن جا کر ان سے خود ملاقاتیں کریں گے تاکہ اس مسئلہ کا حل نکالا جا سکے۔ نائب صدر نے کہا کہ پشاور میں عالمی مقابلوں کی بحالی کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں، خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل عاطف خان خود کھیل سے لگائو رکھتے ہیں اور وہ پشاور میں عالمی مقابلے کرانے کیلئے کوشاں ہے۔

ہم امید رکھتے ہیں کہ پشاور میں جلد بین الاقوامی مقابلے بحال ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں پی ایس اے کے مقابلوں میں ہر میچ میں 5 ہزار ڈالر سکیورٹی فیس وصول کی جاتی ہے۔ اس فیس کے خاتمہ کیلئے فیڈریشن نے عالمی سطح پر کوششیں تیز کر دی ہیں۔ امید ہے کہ یہ فیس ختم ہو جائے گی۔