بھارتی ٹی وی چینلز مسلمانوں کے خلاف کُھلے عام نفرت پھیلانے لگے

مسلمانوں کو سرِ عام تنقید کا نشانہ بنا کر ان کی تذلیل کی جاتی ہے اور مسلمان مخالف جذبات کو ہوا دی جاتی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 اکتوبر 2019 13:36

بھارتی ٹی وی چینلز مسلمانوں کے خلاف کُھلے عام نفرت پھیلانے لگے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2019ء) : تقسیمِ ہند کے بعد سے ہی ہندؤوں نے کبھی مسلمانوں کو انسان نہیں سمجھا۔ بھارت میں رہنے والے مسلمانوں ہندؤوں کی انتہا پسندی کا شکار ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے بھارت میں مقیم مسلمان بے بسی کی ایک تصویر بن گئے ہیں۔ بھارت میں اسلامو فوبیا اور مسلمانوں کے خلاف تعصبانہ جذبات عام ہیں لیکن اس میں سب سے بڑا ہاتھ میڈیا چینلز کا بھی ہے جو مسلمان مخالف جذبات کو ہوا دیتے ہیں۔

یہی نہیں بھارتی رہنماؤں کی انتخابی مہم بھی مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات پر مبنی ہوتی ہیں اور ستم ظریفی تو یہ کہ ایسے رہنما الیکشن میں منتخب ہو کر کامیاب بھی ہو جاتے ہیں۔ بھارتی ٹی وی چینلز مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز اور متعصبانہ جذبات اُبھارنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹی وی چینلز میں کام کرنے والے سینئیر صحافیوں نے بھی اس بات کا عتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت میں پرائم ٹائم میں ٹی وی چینلز کو مسلمانوں، جو کہ بھارت کی کُل آبادی کا 14 فیصد ہیں، کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

بھارت کے سینئیر صحافیوں کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو براہ راست رپورٹنگ اور پروگرامز کے دوران سرِ عام ذلیل و رسوا کیا جاتا ہے۔ مین اسٹریم میڈیا کا ایک بڑا حصہ مسلمانوں بدنام کرنے اور مسلمانوں کی پوری کمیونٹی کو بھارت سے بغاوت کو ثابت کرنے میں لگا ہوا ہے۔ ٹی وی چینلز پر انہیں ملک مخالف قرار دیا جاتا ہے، اسی کی وجہ سے پرائم ٹائم میں ٹی وی چینلز کو زیادہ سے زیادہ ریٹنگز ملتی ہیں۔

صحافی و مصنف پرنجوئے گوہا نے کہا کہ ہمارے ملک میں عدم برداشت ٹی وی چینلز کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹی وی چینلز کی وجہ سے اسلامو فوبیا پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا میں کچھ مخصوص ٹی وی چینلز کا نام ضرور لوں گا جن کا بھارت میں زہر اُگلنے میں بڑا کردار رہا ہے۔ ان میں آج تک ٹی وی کی انجنا اوم کشپ، زی نیوز کے سُدھیر چودھری، نیٹ ورک 18 ہندی کے امیشن دیوگن اور انڈیا ٹوڈے ٹی وی کے گورو ساونت شامل ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ نفرت پر مبنی پروگرامز صرف انہی ٹی وی چینلز اور اینکرز کی جانب سے نہیں کیے جاتے جن کا تذکرہ پرنجوئے گوہا نے کیا۔ بھارت کے کئی ٹی وی چینلز اسی طرز کی پیروی کرتے ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف نفرت آمیز رپورٹس اور بے بنیاد خبریں چلوانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی میڈیا مسلمانوں اور پاکستان کو بدنام کرنے کے ایک مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہا ہے جس کا واضح ثبوت بھارتی میڈیا کے کئی مضحکہ خیز نیوز پیکجز ہیں جن میں مضحکہ خیز دعوے کیے جاتے ہیں جبکہ پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز جذبات کو بھی اُبھارا جاتا ہے۔