ننکانہ صاحب میں بھی پنجاب بھر کی طرح بھی ہیپاٹائٹس ہفتہ منایا جا رہا ہے: ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد

21 اکتوبرتا 25 اکتوبر تک ہیپاٹائٹس بی اور سی کی فری سکریننگ کی جائے گی۔اگلے ہفتے یونین کونسل لیول تک ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا آغا ز کیا جارہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 اکتوبر 2019 14:48

ننکانہ صاحب میں بھی پنجاب بھر کی طرح بھی ہیپاٹائٹس ہفتہ منایا جا رہا ..
ننکانہ صاحب(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر2019ء، نمائندہ خصوصی،عبدالقدوس ملک) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں 5 روزہ ہیپاٹائٹس فری کیمپ قائم کر دیا گیا جہاں پر ضلع بھر کے مریضوں کی مفت سکریننگ ، ویکسی نیشن ، علاج اور رجسٹریشن کی جارہی ہے ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے پنجاب بھر کی طرح ضلع ننکانہ صاحب میں بھی 5روزاہ ہیپاٹائٹس ہفتہ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد شاہد،ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹرحافظ شکیل کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ کیمپ کے انعقاد کا مقصد وزیر اعلیٰ پنجاب کے روڈ میپ کے تحت ہیپاٹائٹس فری پنجاب کے ویڑن کو عملی جامہ پہنانا ہے ہیپاٹائٹس بی اور سی فری سکریننگ کیمپ کادورہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے سکریننگ کیلئے آئے ہوئے افراد کوکیمپس کی افادیت بتائی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے فری سکریننگ کیمپ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دس فیصد افراد میں ہیپاٹائٹس کامرض پایا جارہاہے۔ ہیپاٹائٹس کے مرض پر قابو پانا انتہائی ضروری ہو چکا ہے اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شکیل احمدنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بیماریوں کی روک تھام کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور اربوں روپے کے فنڈز صحت کے مختلف منصوبوں پر خرچ کئے جا رہے ہیں ‘ننکانہ صاحب کو ہیپاٹائٹس فری ضلع بنائینگے اس مقصد کیلئے تمام ٹیسٹ اور ویکسی نیشن حکومت کی جانب سے مفت فراہم کی جارہی ہے۔

ہیپاٹائٹس بی اور سی کی فری سکریننگ کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں بھی کیمپوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال 5 روزہ ہیپاٹائٹس پروگرام کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کی بیماری پر قابو پانے کیلئے ایک جامع پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت 21 تا 25 اکتوبر تک پنجاب بھر کیطرح ضلع ننکانہ صاحب میں بھی ہیپاٹائٹس ہفتہ منایا جا رہا ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے وارڈز ‘میڈیسن سٹور ‘ایمرجنسی ‘آوٴٹ ڈور ‘ریکارڈ روم سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اورمریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں گذشتہ روزننکانہ صاحب کی تاریخ میں پہلی بار وفاقی وزیر داخلہ برگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ اور ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد کی ذاتی کاوشوں کی بدولت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں لیپروسکوپک سرجری کی مدد سے بغیر چیرہ دیے اور بغیر پیٹ کھولے کامیاب آپریشن کیا گیا سرجن ڈاکٹر حیات اللہ خان نے بغیر پیٹ کھولے پتے کا کامیاب آپریشن کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ صاحب ڈاکٹر شکیل احمد شاہد اورایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شاہد فاروق بھی موجود تھے۔سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ لیپرو سکوپ کی سرجری ننکانہ صاحب کی عوام کے لیے کسی تحفہ سے کم نہیں۔