Live Updates

پاک فوج کے خلاف تقریر کرنے پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف درخواست دائر

درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان، چئیرمین پیمرا، مولانا فضل الرحمان اور وفاق کو فریق بنایا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 اکتوبر 2019 15:22

پاک فوج کے خلاف تقریر کرنے پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف درخواست دائر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اکتوبر 2019ء) : پاک فوج کے خلاف تقریر کرنے پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمیعت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔ درخواست میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان، چئیرمین پیمرا، مولانا فضل الرحمان اور وفاق کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں وفاق کو بذریعہ وزیراعظم عمران خان فریق بنایا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن مولانا فضل الرحمان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کی جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ چئیرمین پیمرا مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر بھی پابندی عائد کریں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ درخواست شہری شاہجہان خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی ۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیراعظم آفس سے پوچھا جائے کہ انہوں نے ابھی تک مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا ۔ خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ اور دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور وہ اپنے اعلان سے کسی صورت ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ حال ہی میں مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں نے حکومت کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں پر بھی لفظی گولہ باری کی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیانات میں پاک فوج پر بھی تنقید کی تھی جس پر شہری نے ان کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور ان کے خلاف کارروائی کی استدعا کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات