عراق پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے‘ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں،

عراق میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں پاکستان میں تعینات عراق کے سفیر عبدالسلام صدام محسن کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب

پیر 21 اکتوبر 2019 17:50

عراق پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے‘ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) پاکستان میں تعینات عراق کے سفیر عبدالسلام صدام محسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں، عراق میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا کثرت سے تبادلہ کریں تاکہ مشترکہ تعاون کے تمام ممکنہ مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عراق کے سفیر نے کہا کہ عراق کی تاجر برادری میں پاکستان میں پائے جانے والے کاروباری مواقع کے بارے میں معلومات کی کمی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک نجی شعبوں کے درمیان روابط بہتر کرنے پر توجہ دیں جس سے تجارتی تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو عراق کا ویزا جاری کیا گیا تاکہ وہ زیارات کیلئے وہاں جائیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور عراق کی باہمی تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے، تجارت کو بہتر کرنے کیلئے دونوں جانب سے نجی شعبوں کو قریب لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیمنٹ، سٹیل، ماربل و گرینائٹ، فارماسوٹیکلز، چاول، پھلوں و سبزیوں سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات عراق میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں، عراق اپنے عوام کو مناسب قیمت پر معیاری مصنوعات فراہم کرنے کیلئے پاکستان سے درآمدات بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ چاول سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات تیسرے ملک کے ذریعے عراق پہنچ رہی ہیں لہذا دونوں ممالک نجی شعبوں کو براہ راست تجارت کرنے میں سہولت فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش پالیسیاں بنائی ہوئی ہیں، عراق کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کریں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، محمداعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، محمد شکیل منیر، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و عراق کے درمیان تعمیرات، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔