پاکستان میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان

قیمتیں سیزن کی نئی بلند ترین سطح 9 ہزار 300 سے 9 ہزار 500 روپے فی من پر پہنچ گئیں

پیر 21 اکتوبر 2019 19:00

پاکستان میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) سوتی دھاگے اور درآمدی روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کے رجحان کے باعث پاکستان میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان ۔ملک کے مختلف حصوں میں روئی کی قیمتیں 200روپے فی من اضافے کے ساتھ جاری سیزن کی نئی بلند ترین سطح 9 ہزار 300 سے 9 ہزار 500 روپے فی من جبکہ پھٹی 4 ہزار 500 سے 4 ہزار 700 روپے فی 40 کلو گرام تک پہنچ گئی ۔

چیئر مین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل تک پاکستانی ٹیکسٹائل ملز مالکان امریکن کاٹن کے 69 سے 70 سینٹ فی پائونڈ تک درآمدی معاہدے کر رہے تھے جو گزشتہ چند روز کے دوران 75سے 76 سینٹ فی پائونڈ تک پہنچ گئے ہیں جبکہ اس کے علاوہ پاکستان سے سوتی دھاگے کی برآمد میں مسلسل اضافے کے باعث اس کی قیمتوں میں بھی تیزی کا رجحان سامنے آنے سے پاکستان میں روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے جس کے باعث معیاری اور آلودگی سے پاک روئی کی قیمتیں 9 ہزار 500 روپے جبکہ ریگولر روئی کی قیمتیں 9 ہزار 300 روپے فی من تک پہنچ گئیں ہیں جبکہ آئندہ ایک دو روز کے دوران ان کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں رواں سال کے دوران کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار توقعات سے بہت کم ہونے اور منفی موسمی حالات کے باعث پھٹی کا معیار متاثر ہونے سے پاکستان میں معیاری روئی کی دستیابی محدود ہونے سے بھی روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان متوقع ہے ۔

متعلقہ عنوان :