رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2019 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل

انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویلز اور جنوبی افریقہ ٹاپ فور میں شامل، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا

پیر 21 اکتوبر 2019 21:39

رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2019 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل
ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) جاپان میں جاری نویں رگبی ورلڈ کپ 2019 کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، میگا ایونٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن، انگلینڈ، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، ویلز اور جنوبی افریقہ ٹاپ فور میں شامل، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کے درمیان 26 اکتوبر کو انٹرنیشنل سٹیڈیم یوکوہاما میں کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق جاپان میں رگبی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے عروج کو پہنچ چکے ہیں، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویلز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ میگا ایونٹ کا ٹاپ فور مرحلہ 26 اکتوبر سے شروع ہوگا اور میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 27 اکتوبر کو ویلز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیمی فائنل میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اس اعتبار سے دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دیکر، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو مات دیکر، ویلز نے فرانس کو سخت مقابلے کے بعد 20-19 سے ہزمیت دیکر اور جنوبی افریقہ نے میزبان جاپان کو ہرا کر میگا ایونٹ کا ٹاپ فور مرحلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

واضح رہے کہ عالمی کپ میں دنیا کی بہترین 20 ٹیموں نے شرکت کی جن میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، جاپان، روس، ساموا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، اٹلی، نمیبیا، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکا، ٹونگا، آسٹریلیا ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے شامل تھیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کیلئے کوشاں ہے جو اب کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے، میگا ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔