گریٹر اقبال پارک سے نایاب درختوں کی کٹائی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

پیر 21 اکتوبر 2019 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) گریٹر اقبال پارک سے نایاب درختوں کی کٹائی کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع ،قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی ،ٹمبر مافیا نے گریٹر اقبال پارک سے نایاب درخت کاٹ کر فروخت کر دیئے گئے۔ ایک جانب وزیر اعظم کی بلین ٹری مہم چلائی جارہی ہے تو دوسری طرف ماضی میں لگائے گئے پودے جو اب تناور درخت بن چکے ہیں، ان درختوں کا قتل عام کیا جارہا ہے۔

شہر کے بڑے پارکوں میں ٹمبر مافیا کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ٹمبر مافیا نے شہر کے سب سے بڑے گریٹر اقبال پارک میں مبینہ طور پر پی ایچ اے افسروں اور ملازمین کی ملی بھگت سے درختوں کا قتل عام شروع کر دیا ہے۔پارک سے ملحقہ نرسری سے نایاب درختوں کی کٹائی کر دی گئی ہے اور بعدازاں معاملہ ختم کرنے کے لیے راتوں رات کٹے ہوئے درخت غائب بھی کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

درختوں کی کٹائی کے بعد سرکاری گاڑیوں کو لکڑی کی ترسیل کے لیے استعمال کیا گیا۔گریٹر اقبال پارک سے 25 سے زائد نایاب درختوں کو کاٹا گیا۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان گریٹر اقبال پارک سے درخت کاٹنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں ۔پی ایچ اے کے جو ملازمین اس واقعہ میں ملوت ہیں ان کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔