بھارت کی سیزفائرکی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے ،مقبوضہ کشمیر پر ان کا بیانیہ پٹ گیا ہے، شاہ محمود قریشی

کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت اپنی ساکھ اورکشمیریوں کی ہمدردی کھوچکا ہے، توجہ ہٹانے کیلئے مختلف بہانے بناتا ہے ، وزیر خارجہ

پیر 21 اکتوبر 2019 22:35

بھارت کی سیزفائرکی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے ،مقبوضہ کشمیر پر ان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی سیزفائرکی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر پر ان کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔ایک انٹرویومیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت اپنی ساکھ اورکشمیریوں کی ہمدردی کھوچکا ہے، توجہ ہٹانے کیلئے کبھی وہ فالز فلیگ آپریشن کا بہانہ بناتا ہے کبھی وہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارت کو ہرمیدان میں شکست ہو رہی ہے اور وہ اپنی خفت مٹانے کیلئے ایسی حرکتیں کررہا ہے لیکن پاکستان اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اوران شا اللہ اپنا دفاع کرے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر بھارت کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سب سے اہم فورم ہے، اس میں 54 سال بعد کشمیرکا مسئلہ زیربحث آیا، وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں پاکستان، اسلام اورکشمیر کا مقدمہ پیش کیا جبکہ میں نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل میں بھارت کی خلاف ورزیوں کا پردہ چاک کیا اور27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے اس سے بھارت پرمزید دباؤ بڑھے گا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیرکو دہشت گردی سے جوڑتا تھا، لوگوں پرواضح ہو گیا مسئلہ دہشت گردی کا نہیں، مسئلہ حق خودارادیت کا معاملہ ہے، پاکستان کے اندر بھی قوم یکجا ہو چکی ہے، پاکستان کے باہر بھی ہردارالخلافے میں پاکستانیوں اورکشمیریوں نے احتجاج کرکے بھارت کو بے نقاب کر دیا ہے، بھارت پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس سے توجہ ہٹانے کیلئے وہ فالز فلیگ ا?پریشن چاہتا ہے، بھارت پاکستان میں داخلی انتشارکیلئے کچھ قوتوں کو آگے کرنا چاہتا ہے، بھارت کی خواہش ہے پاکستان اپنے داخلی مسائل میں الجھا رہے اور مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹ جائے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ اوا آئی سی نے بھی بھارت کوتنقید کا نشانہ بنایا، کشمیر کے مسئلے کو یورپی یونین میں زیربحث لایا گیا، دنیا کی ہر پارلیمنٹ میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں زیربحث ہیں اوروہ تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ کھٹائی میں پڑا تھا حکومت نے اسے انٹرنیشنلائز کر دیا ہے، عالمی میڈیا بھارت کی پالیسیوں پرتنقید کررہا ہے۔ بھارت کی سیزفائر کی خلاف ورزی کے پیچھے بدامنی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیرپران کا بیانیہ پٹ گیا ہے۔