ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا تیسرا ایڈیشن 15 نومبر سے شروع ہوگا 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی

پیر 21 اکتوبر 2019 22:47

ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا تیسرا ایڈیشن 15 نومبر سے شروع ہوگا 8 ٹیمیں ٹائٹل کے ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) مختصر ترین فارمیٹ ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا تیسرا ایڈیشن 15 نومبر سے شیخ زید سٹیڈیم یو اے ای میں شروع ہوگا، ٹیم قلندرز نے ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ پاکستانی سپر سٹار شاہد آفریدی نے قلندرز کو بطور آئیکون پلیئر سائن کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی جن میں بنگلہ ٹائیگرز، دکن گلیڈی ایٹرز، دہلی بلز، کرناٹک ٹسکرز، مراٹھا عربیئنز، ناردرن واریئرز، قلندرز اور ٹیم ابوظہبی شامل ہیں۔

8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بنگلہ ٹائیگرز، دکن گلیڈی ایٹرز، دہلی بلز اور کرناٹک ٹسکرز کو رکھا گیا ہے جبکہ قلندرز کو مراٹھا عرابیئنز، ناردرن واریئرز اور ٹیم ابوظہبی کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا آغاز 15 نومبر سے ہوگا جس کی افتتاحی تقریب میں بالی ووڈ ستارے پرفارم کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت 29 کانٹے دار مقابلے ہونگے۔

10 روز پر محیط اس ٹورنامنٹ کا فائنل 24 نومبر کو کھیلا جائیگا۔ ابتدائی ایڈیشن میں ایون مورگن، شین واٹسن، راشدخان، آندرے رسل، مالنگا اور ڈیرن سیمی جیسے ورلڈ کلاس کرکٹرز نے حصہ لیا۔ لیگ کے چیئرمین شجیع المک نے کہا ہے کہ اس مرتبہ ایونٹ میں 100 سے زائد بین الاقوامی کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 10 لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی 10 لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل میچ 24 نومبر کو شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔