Live Updates

وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو کرپشن سے پاک ہونا ہوگا،خرم شیرزمان

وفاق سے سندھ کو ملنے والا پیسہ عوام پر ہر حال میں خر چ ہونا چاہئے، اگر ایسا نہیں ہوگا تو پھرنیب حرکت میں آئیگا، پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی

پیر 21 اکتوبر 2019 23:02

وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو کرپشن سے پاک ہونا ہوگا،خرم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نیب زدہ ہیں، و زیر اعظم سے ملاقات کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ کوخود کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا۔ جو پیسہ وفاق سے سندھ کو عوام پر خر چ کرنے کے لئے ملتا ہے وہ پیسہ عوام پر ہر حال میں خر چ ہونا چاہئے۔

اگر وہ پیسہ عوام پر خر چ نہیں ہوگا تو نیب حرکت میں آئے گی۔ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی صفائی مہم مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے۔ شہر میں پڑے کچرے کے ڈھیر عوام کو منہ چڑا رہے ہیں۔ اب وزیر اعلیٰ سندھ کی صفائی مہم کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی کرپٹ سندھ حکومت کے رحم و کرم پر ہے۔

سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے کتے کے کاٹنے کی ویکسین تک دستیاب نہیں۔ ہم نے وزیر اعظم عمران خان کو پیپلز پارٹی کے رویے سے آگاہ کردیا ہے۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں ثابت ہوگیا کہ بھٹو نہیں بلکہ زرداری زندہ ہے۔ حکومت سندھ نے کراچی کو گٹرستان بنا دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سیٹ پر بیٹھنے کے قابل نہیں رہے۔ تحریک انصاف سندھ میں پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دے گی۔

بہت جلد سندھ کی عوام کو پیپلز پارٹی کی نا قص حکومت سے چھٹکارا دلوائیں گے۔ تحریک انصاف کے اراکین میں اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اس لئے منفی پراپگنڈا کر رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے تمام ارکان اسمبلی وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے ساتھ کھڑے ہیں۔ #
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات