گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاجی مظاہرے،شہر میںٹریفک کا نظام متاثر

دوسروں کا راستہ روکنا اخلاقی اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک

پیر 21 اکتوبر 2019 23:18

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) مال روڈ،جیل روڈ،فیروزپور روڈ،شاہراہ فاطمہ جناح سمیت متعدد شاہرائوںپر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح معطل رہا۔میو ہسپتال کے ڈاکٹرز نے مال روڈ بوٹا محل چوک پر دھرنا دے دیا جس سے لوئر مال سے جی پی او چوک،ہائیکورٹ چوک ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی ،اسی طرح سروسز ہسپتال کے ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف نے جیل روڈکی دونوں اطراف پر دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک کو روک دیا جس شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

جنرل ہسپتال کے گرینڈ ہیلتھ الائنس نے گھنٹوں تک میٹرو ٹریک اور فیروزپور روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک کو روک دیا جبکہ گنگارام ہسپتال کے پیرامیڈیکس نے شاہرائے فاظمہ جناح پر ہر قسم کی ٹریفک کو روک دیا،شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس نے موثرٹریفک پلان تشکیل دیا۔

(جاری ہے)

سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کا کہناتھا کہ راستوں کی بندش ہونے پر فوری طور پر شہریوں کو راستہ ایپ،راستہ ایف ایم88.6سے آگاہ رکھا جاتا رہا جبکہ ہیلپ لائن15 کے ذریعے سے بھی شہریوں کو ایجوکیٹ یا جا تا رہا۔

اس حوالے سے سی ٹی اوکا کہنا تھا کہ احتجاج اور جلوسوں کی وجہ سے ٹریفک سسٹم تعطل کا شکار رہتا ہے، احتجاج ہر ایک کا آئینی حق ہے مگر دوسروں کیلئے راستہ بند کرنااخلاقی اور اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔