بینکنگ کورٹ ،نواز شریف کے بنک ڈیفالٹرز چچا زاد بھائیوں کو نوٹس جاری

پیر 21 اکتوبر 2019 23:20

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) لاہور کی بینکنگ جرائم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بنک الفلاح کے ڈیفالٹر چچا زاد بھائیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کر لیا۔عدالت نے ملزم زاہد شفیع، شہزاد جاوید، فرزانہ جاوید، عثمان جاوید اور دیگر کو طلبی کے نوٹس جاری کئے ہیں۔بنکنگ عدالت کی جج شاہدہ سعید نے بنک الفلاح کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت بینک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کشمیر فیڈز کے زاہد شفیع، سلمان مجاہد بٹ، علی مبارک اور دیگر مالکان نے بنک سے 2007ء میں قرض حاصل کیا۔

(جاری ہے)

بینک کے وکیل نے بتایا کہ ڈیفالٹر کشمیر فیڈز نے 14 کروڑ 86 لاکھ 87 ہزار روپے مالیت کے سویا بین اور مکئی کے تھیلے رہن رکھوائے تھے، وکیل نے کہا کہ کشمیر فیڈز کے مالکان نے قرض کی ادائیگی سے بچنے کیلئے رہن شدہ سٹاک چوری کروایا دیا، بنک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ رقم کی ریکوری کیلئے ملزم زاہد شفیع سمیت دیگر مالکان کو نوٹسز بھجوائے جا چکے ہیں، وکیل بنک نے استدعا کی کہ بنک کا سٹاک چوری کرنے اور رقم کی عدم ادائیگی پر کشمیر فیڈز کے مالکان کیخلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔

جس پر عدالت نے ملزموں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹرائل کیلئے 29 نومبر کو طلب کر لیا۔