یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

مالی سال19-20ء کیلئے ایک ارب سے زائد کا بجٹ منظور

پیر 21 اکتوبر 2019 23:39

لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے بورڈ آف گورنرز کا 41واں اجلاس پیر کے روز چیئر مین جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں ہوا،اجلاس میں مالی سال2019-20ء کیلئے ایک ارب 38کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی، بورڈ آف گورنرز کے دیگر ممبرز میں سلیمہ ہاشمی،عندلیب عباس، وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم بھی شامل تھے، اجلاس میں محکمہ خزانہ اور سپیشلائزد ہیلتھ کیئر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی،اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے یونیورسٹی کی کارکردگی پر بورڈ کو بریفنگ دی، بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے 68کروڑ 27لاکھ روپے مختص کیے گئے جبکہ وظائف کیلئے 20کروڑ، کیمیکلز اور کٹس کی خریداری کیلئے 12کروڑ ، 40لاکھ روپے لیبارٹری آلات کی خریداری کیلئے، جاری اخراجات کی مد میں13کروڑ62لاکھ روپے اور جناح کیمپس کالا شاہ کاکو کی تعمیر کیلئے 61کروڑ 83لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، اسی طرح ملازمین کی تنخواہوں اور الائونسز کی مد میں ّّّّ28کروڑ71لاکھ اور امتحانات کے انعقاد کیلئے 14کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔