حکومت اقتصادی شرح نمو کو3.3 فیصد یقینی بنائے گی، وزارت خزانہ

مہنگائی پر قابوپانے کیلئے اسٹیٹ بینک نے شرح سود13.25 فیصد تک کردی، ملازمتوں میں اضافے کیلئے بھی پالیسی پر کام ہورہا ہے۔ اعلامیہ وزارت خزانہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 اکتوبر 2019 19:55

حکومت اقتصادی شرح نمو کو3.3 فیصد یقینی بنائے گی، وزارت خزانہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اکتوبر2019ء) وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی شرح نمو کو 3.3 فیصد یقینی بنائے گی، مہنگائی پر قابوپانے کیلئے اسٹیٹ بینک نے شرح سود 13.25فیصد تک کردی، ملازمتوں میں اضافے کیلئے بھی پالیسی پر کام ہورہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ حکومت 3.3 فیصد اقتصادی شرح نمو کو یقینی بنائے گی۔

اس مقصد کیلئے مالیاتی اصلاحات اور دیگر اقدامات تیزی سے کیے جا رہے ہیں۔ مہنگائی میں کمی کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔ مہنگائی پر قابوپانے کیلئے اسٹیٹ بینک نے شرح سود 13.25فیصد تک کر دی ہے۔ اس اقدام کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملازمتوں میں اضافے کیلئے پالیسی پر کام ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

مالیاتی اور تجارتی خسارے پر قابوپانے کیلئے کامیابی حاصل ہورہی ہے۔

مالیاتی امور میں عدم توازن پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہورہی ہے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ماضی کے مسائل سے چھٹکارا پانے کی کوششوں کا احاطہ کرنے کی ضرورت ہے۔عوام کو طویل المدتی فوائد یقینی بنانے کی حکمت عملی طے پائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید میں9 پیسے اور قیمت فروخت میں15پیسے کی کمی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پیرکوانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید میں9 پیسے اور قیمت فروخت میں15پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.97روپے سے گھٹ کر155.88روپے اورقیمت فروخت156.07روپے سے گھٹ کر155.92روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میںامریکی ڈالرکی قیمت میں استحکام رہا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.70روپے اورقیمت فروخت156.20روپے پرمستحکم رہی۔

یوروکی قیمت خرید میں10پیسے اور قیمت فروخت میں1.10روپے کی کمی جبکہ برطانوی پائونڈ کی قیمت خرید میں1.40روپے اور قیمت فروخت میں40پیسے کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں باالترتیب یوروکی قیمت خرید173.30روپے سے گھٹ کر173.20روپے اورقیمت فروخت175.30روپے سے گھٹ کر174.20 روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید199.80روپی سے بڑھ کر201.20 روپے اورقیمت فروخت201.80روپے سے بڑھ کر202.20 روپے ہوگئی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید میں5 پیسے کا اضافہ، قیمت فروخت اوریواے ای درہم کی قیمت خرید میں استحکام اور قیمت فروخت میں5پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،جس کے نتیجے میں باالترتیب سعودی ریال کی قیمت خرید41.30روپے سے بڑھ کر41.35روپے اورقیمت فروخت41.60 روپے جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید42.30روپے پرمستحکم اورقیمت فروخت42.55روپے سے بڑھ کر42.60 روپے ہوگئی۔ پیرکوچینی یوآن کی قیمت میں استحکام رہا،جس کے نتیجے میں چینی یوآن کی قیمت خرید22.20 روپے اور قیمت فروخت23.30روپے پر مستحکم رہی۔