تاجر برادری کا تعاون حیدرآباد کی ترقی میں بہت اہمیت کا حامل ہے، کمشنر حیدرآباد

پیر 21 اکتوبر 2019 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہاہے کہ تاجر برادری کا تعاون حیدرآباد کی ترقی میں بہت اہمیت کا حامل ہے کسی بھی شہر ، ملک یا علاقے کی ترقی کے لیے تاجر برادری کا کردار اہم ہوتا ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کوشش کی جارہی ہے کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کیا جائے شہر میں ڈرینج سڑکوں کی مرمت اور تجاوزات کے اہم مسائل ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ تاجر برادری کے ساتھ مل کر ان مسائل کا دیرپا حل نکالا جائے، ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جب تک پارکنگ ایریاز نہیں بنائے جائیں گے ٹریفک کے مسائل کا حل نہیں نکالا جاسکتا جبکہ ضلعی انتظامیہ محدود وسائل میں ان کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر تاجر برادری کی طرف سے چیمبر آف کامرس حیدرآباد کے سینئر نائب صدر محمد شاکر میمن نے کمشنر حیدرآباد کو تاجر برادری کو درپیش مسائل کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں میں حیدرآباد سٹی ، لطیف آباد اور قاسم آباد کی سڑکو ں کو بہت نقصان پہنچا ہے اور ڈرینج کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے، تجاوزات کے باعث شہر میں ٹریفک جام کی شکایات بھی شدید ہیں، کمشنر نے چیمبر آف کامرس کے نمائندوں اور تاجر برادری کو ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

پبلک اسکول لطیف آباد حیدرآباد کے پرنسپل عمران لاڑک نے خصوصی طور پر شرکت کی اور بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پبلک اسکول لطیف آباد کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے آئی بی اے سکھر کے ساتھ مل کر کوششیں کی جارہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ جب آئی بی اے سکھر نے اسکول کے ساتھ ایم او یو سائن کیا تھا تو اسکول میں 1800 طالبعلم زیر تعلیم تھے اور اب انرولمنٹ 2800 تک پہنچ گئی ہے، اسکول کے حوالے سے ابھی چیلنجز موجود ہیں اور اگر بزنس کمیونٹی کی جانب سے اس تاریخی ادارے کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کیا جائے تو جلد ہی ہم ماضی کی طرح اسے ایک اچھا ادارہ بنا سکتے ہیں تاجر برادری نے اسکول کو بہتر بنانے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :