Live Updates

نواز شریف کو ڈینگی کا مرض لاحق ہو جانے کا خدشہ

سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کاونٹس کم ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، ممکنہ وجہ زیادہ دوائیوں کا استعمال یا ڈینگی کا مرض ہو سکتا ہے، اصل وجہ مزید ٹیسٹ کیے جانے کے بعد معلوم ہوگی: ڈاکٹرز

muhammad ali محمد علی پیر 21 اکتوبر 2019 23:59

نواز شریف کو ڈینگی کا مرض لاحق ہو جانے کا خدشہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2019ء) نواز شریف کو ڈینگی کا مرض لاحق ہو جانے کا خدشہ، ڈاکٹرز کا بتانا ہے کہ سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کاونٹس کم ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، ممکنہ وجہ زیادہ دوائیوں کا استعمال یا ڈینگی کا مرض ہو سکتا ہے، اصل وجہ مزید ٹیسٹ کیے جانے کے بعد معلوم ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت بگڑ گئی ہے۔

نواز شریف کے معالج ڈاکٹر عدنان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی پلیٹ لیٹس کی رپورٹ غیر تسلی بخش آئی ہے۔ نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد نیب نے انہیں فوری بنیادوں پر علاج کیلئے ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ نیب نے نواز شریف کو لاہور کے سروسز ہسپتال میں علاج کیلئے منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سروسز ہسپتال میں نواز شریف کے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

نواز شریف کیلئے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس کاونٹس کی کمی کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ان وجوہات میں ڈینگی کا مرض لاحق ہونا یا ادویات کا زیادہ استعمال بھی ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے مزید میڈیکل ٹیسٹس کیے جانے کے بعد ہی واضح ہوگا کہ ان کے پلیٹ لیٹس کس وجہ سے کمی کا شکار ہوئے ہیں۔

نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنے کے مناظر ملاحظہ کیجیے:

مزید بتایا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق نوازشریف کا پلیٹلیٹ کاؤنٹ 16 ہزار آ رہا ہے۔ نواز شریف کی صحت کا جائزہ لینے کیلئے سروسز ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے نواز شریف کی حالت بگڑنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو علاج کی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔ جبکہ نواز شریف کی حالت بگڑنے پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی جانب سے لاہور کی ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات