ریاستی اداروں کےخلاف اشتعال انگیز تقاریر پر کیپٹن صفدر گرفتار

نوازشریف کے داماد کو اسلام آباد سے لاہور آتے ہوئے راوی ٹول پلازہ پر حراست میں لیاگیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 22 اکتوبر 2019 07:29

ریاستی اداروں کےخلاف اشتعال انگیز تقاریر پر کیپٹن صفدر گرفتار
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اکتوبر ۔2019ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا گیا سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو منگل کی صبح اسلام آباد سے لاہور آتے ہوئے روای ٹول پلازہ پر حراست میںلیا گیا. مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ کیپٹن صفدر(ر) کو پولیس نے گرفتار کیا‘کیپٹن (ر) محمد صفدر اسلام سے لاہور آرہے تھے جب انہیں راوی ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا.

پولیس کے مطابق کہ ریاستی اداروں کےخلاف اشتعال انگیز باتیں کرنے پر کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا اور یہ مقدمہ 11 اکتوبر کے بعد درج کیا گیا.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مریم نواز، حمزہ شہباز، یوسف عباس کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کیپٹن(ر) محمدصفدر اور لیگی کارکنوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرنے پر تھانہ اسلام پورہ پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا.

اس مقدمے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے لاہور کی سیشن کورٹ سے 50ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت کرالی تھی. معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اشتعال انگیز تقریر کی تھی، انہوں نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی، قانون جو ہاتھ میں لیتا ہے تو ان کے ہاتھ میںہتھکڑی ہوتی ہے.

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے پیشی کے دوران بھی پولیس والوں سے مار پیٹ کی تھی، منصوبہ بندی کے تحت لوگوں کو جمع کرکے اشتعال کیا گیا. انہوںنے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدراب وزیراعظم پاکستان کے داماد نہیںہیں، وہ اب کرپشن کرنے والے شخص کے داماد ہیں، اب اگر قانون کرپشن کرنے والوںکے خلاف حرکت میں آتا ہے تو وہ ان کی طبیعت کو ناگوار گزرتا ہے. فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو نفسیاتی ڈاکٹر کی ضرورت ہے‘واضح رہے کہ نواز شریف کی بیماری پر بیٹے اور داماد نے سیاست شروع کردی تھی، حسین نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے نواز شریف کو زہر دینے کا دعویٰ کیا تھا.