شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کو درمیانی راستہ دینے کی حمایت کر دی

میں اس بات کا حامی ہوں اگر مولانا کو ''فیس سیونگ'' دینی پڑے تو دے دینی چاہئیے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 22 اکتوبر 2019 11:08

شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کو درمیانی راستہ دینے کی حمایت کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2019ء) : وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو درمیانی راستہ دینے کی حمایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ میں اس بات کا حامی ہوں اگر مولانا کو''فیس سیونگ'' دینی پڑے تو دے دینی چاہئیے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سے مولانا فضل الرحمان کا کوئی واسطہ نہیں، وہ دو سال کشمیر کمیٹی میں رہے تاہم کچھ نہیں کیا۔ ایل او سی پر ہونے والی فائرنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بہت خطرناک ذہن رکھتا ہے، وہ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت چاہتا ہے، ایسے حالات میں مولانا فضل الرحمان کو مشورہ بھی دیا تھا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے خبردار کیا کہ لوگوں کو مسلح لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اگر کسی نے ایسا کیا تو قانون لازمی حرکت میں آئے گا۔ مولانا فضل الرحمان کو میڈیا نے دس کی جگہ سو ایم جی کی ہوا بھر دی ہے جو پھٹنے جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساری زندگی یہی سنا کہ حزب اختلاف وزیر اعظم کا استعفیٰ ہی مانگتی رہی مگر سزا لوگوں نے بھگتی۔

خیال رہے کہ شیخ رشید اس سے قبل بھی مولانا کو فیس سیونگ دینے کی حمایت کر چکے ہیں۔ جبکہ انہوں نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مذاکرات کے دروازے بند نہ کریں۔ مذاکرات کے دروازے بند ہوتے ہیں تو حادثات ہوتے ہیں، ہماری طرف سے دروازے کُھلے ہوئے ہیں۔ ۔شیخ رشید نے مزید کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر پورا یقین ہے کہ معاملہ ٹھیک ہو جائے گا ، ملاقاتیں ہو رہی ہیں جبکہ فضل الرحمان اور دوسرے لوگوں سے بات چیت جاری ہے۔