سعودی محکمہ پاسپورٹ نے فیملی ویزٹ ویزے میں توسیع کے لیے شرائط پیش کر دیں

توسیع کے لیے فیس کے علاوہ پاسپورٹ کا موثر ہونا اور ہیلتھ انشورنس بھی لازمی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 اکتوبر 2019 11:33

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے فیملی ویزٹ ویزے میں توسیع کے لیے شرائط پیش کر ..
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر2019ء) سعودی حکومت کی جانب سے گزشتہ دِنوں حج، عمرہ اور ٹرانزٹ ویزوں کی پالیسی میں ترمیم کی گئی ہے جس کے بعد مملکت میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کے دِلوں میں یہ سوال اُبھرتا ہے کہ اب فیملی وزٹ ویزے میں توسیع کا طریقہ کار کیا ہو گا، کیا اس کے لیے پُرانی شرائط کی جگہ کوئی نئی شرائط عائد کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے سعودی محکمہ پاسپورٹ (جوازات) کی جانب سے وضاحت سامنے آ گئی ہے۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ایک مقامی اخبار کو بتایا ہے کہ جو لوگ فیملی وزٹ ویزے میں توسیع کرانا چاہتے ہیں، انہیں سب سے پہلے توسیع کی فیس جمع کرانا ہو گی۔ جبکہ ویزہ ہولڈر کے پاسپورٹ کی تاریخ تنسیخ گزر نہ گئی ہو، توسیع کے خواہش مند کے پاس موجود فیملی وزٹ ویزہ کم از کم 7 دِن کے لیے موثر ہو۔

(جاری ہے)

البتہ فیملی وزٹ ویزہ ختم ہونے کے 3 روز کے اندر بھی اس کی توسیع کروائی جا سکتی ہے۔

ایک اور اہم شرط یہ ہے کہ فیملی وزٹ ویزہ ہولڈر مُدت میں توسیع کی درخواست دیتے وقت سعودی مملکت میں موجود ہے۔ توسیع کے لیے ہیلتھ انشورنس بھی لازمی ہے۔ ویزہ ہولڈر کے خلاف کسی ٹریفک خلاف ورزی کے باعث جرمانے کی رقم واجب الادا نہ ہو۔ ایسی صورت میں اُسے رقم ادا کر کے جرمانے کا ریکارڈ صاف کرانا ہو گا۔ جبکہ ایک اور اہم ترین شرط یہ ہے کہ سعودی عرب آمد کے بعد ویزے کی مجموعی مُدت 180 دِن یعنی 6 ماہ سے زائد نہ ہوئی ہو۔ اس کے بعد اس نوعیت کے ویزے میں توسیع نہیں ہو گی۔