سدرن پنجاب نے سندھ کو34رنزسے شکست دے دی

وہاب ریاض کی جارحانہ بیٹنگ، تجربہ کار اسپنر زمحمد حفیظ اور زاہد محمود کے 4،4 شکار

منگل 22 اکتوبر 2019 12:24

سدرن پنجاب نے سندھ کو34رنزسے شکست دے دی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2019ء) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں پیرکے روز کھیلے جانے والے واحد میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کو34 رنز سے شکست دے دی۔ سدرن پنجاب کی جانب سیوہاب ریاض نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز اور تجربہ کار اسپنرز کی عمدہ باوٴلنگ نیٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

محض 4 اسکور پر3وکٹیں گرنے کے بعدبیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے وہاب ریاض اور تجربہ کار شعیب ملک نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ د ونوں کے درمیان 73رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ وہاب ریاض نے 30گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں عامر یامین نے27 اور بلاول بھٹی نے 24 قیمتی رنز جوڑے۔

سدرن پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ٹیم کے 4 کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے۔ سندھ کی جانب سے فاسٹ باوٴلر سہیل خان نے 18 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ انور علی نے 3 اور کاشف بھٹی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں سندھ کی جانب سے بھی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 4 رنز پر 2 کھلاڑی آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

کپتان اسد شفیق اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتیہوئے اسکور میں63قیمتی رنز کا اضافہ کیا تاہم دونوں کھلاڑی اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے 37 گیندوں پر 45 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان اسد شفیق 25 رنز پر ہمت ہار گئے۔ سندھ کی پوری ٹیم17.4 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے محمدحفیظ اور زاہد محمود نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ایونٹ میں منگل کے روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن اوربلوچستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔