Live Updates

حکومت مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے خوٖف زدہ نہیں،

حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی، ہزارہ موٹروے کو 30 اکتوبر کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی پرنس نواز خان کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

منگل 22 اکتوبر 2019 12:46

حکومت مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے خوٖف زدہ نہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی پرنس نواز خان نے کہا ہے کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے خوٖف زدہ نہیں، ملک اس وقت دھرنوں کا متحمل نہیں، حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی، ہزارہ موٹروے کو 30 اکتوبر کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان تاریخ میں پہلی مرتبہ بے روزگار ہوئے ہیں، یہ پہلی قومی اسمبلی ہے جس میں مولانا فضل الرحمان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو پانچ سال کے لیے حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے، حکومت اپنی آئنی مدت پوری کرے گی۔ پرنس نواز خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کشمیریوں کا ملکی اور عالمی سطح پر موقف کو اجاگر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں قومی خزانہ کو بے دردی سے لوٹا گیا، وزیراعظم عمران خان نے انتخابات 2018 میں عوام سے قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف احتساب کا وعدہ کیا تھا جس کے تحت قومی دولت لوٹنے والے اب سلاخوں کے پیچھے ہیں، ان کے مقدمات عدالتوں میں چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک میں جاری احتساب کے عمل کو روکنے کے لیے آزادی مارچ کے ذریعے حکومت کو دبائو میں لانا چاہتی ہیں مگر وزیراعظم نے اس حوالے سے واضح اعلان کررکھا ہے کہ کچھ بھی ہو ملک میں بلاتفریق سب کے خلاف احتساب کا عمل جاری رہے گا۔

ایک سوال کے جواب میں پرنس نواز خان نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے کو 30 اکتوبر کو حویلیاں تا مانسہرہ تک عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، منصوبہ پر تقریبا 37ارب لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این 35ہزارہ موٹر وے کو مارچ 2020 میں مانسہرہ تا تھاکوٹ تک کھول دیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات