پاکستان کے دوسرے گورنر جنرل ووزیر اعظم خواجہ ناظم الدین کی55ویں برسی منگل کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

منگل 22 اکتوبر 2019 12:46

پاکستان کے دوسرے گورنر جنرل ووزیر اعظم خواجہ ناظم الدین کی55ویں برسی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستان کے دوسرے گور نر جنرل و وزیر اعظم اور تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما خواجہ ناظم الدین کی 55ویں برسی منگل کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ، تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ ، نظریہ پاکستان فائونڈیشن سمیت مختلف سرکاری ، غیر سرکاری تنظیموں کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومتوں ، ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی تقریبات ، کانفرنسز ، سیمینارز ، مذاکروں ، مباحثوں وغیرہ کا انعقاد کیا گیا جس سے مختلف سیاسی ، دینی ، مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے دانشوروں اور اہم رہنمائوں نے خطاب کیا۔

مذکورہ تقریبات میں خواجہ ناظم الدین کی قومی ، ملکی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف شہروں میں قرآن خوانی کی محافل بھی منعقد کی گئیں اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی نیز وطن عزیز کے استحکام ، نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ، اسلام کی سر بلندی ، آئین کی بالا دستی ، غربت ، بیروز گاری ، بد امنی ، مہنگائی کے خاتمہ ، قومی فلاح ، عوامی خوشحالی، اخوت و یگانگت ، بین المذاہب ہم آہنگی، اتحاد بین المسلمین ، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

یاد رہے کہ خواجہ ناظم الدین کوقائد اعظم محمد علی جناح ؒ جو 15اگست 1947سے لیکر 11ستمبر 1948ء تک پاکستان کے پہلے گورنرجنرل رہے کی وفات کے بعد 14ستمبر1948ء سے پاکستان کا دوسرا گورنر جنرل مقرر کیا گیا جو 17اکتوبر 1951ء تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ بعد ازاں خواجہ ناظم الدین کو پاکستان کے پہلے وزیر اعظم و قائد ملت لیاقت علی خان کے قتل کے بعد 17اکتوبر 1951ء کو پاکستان کا دوسرا وزیر اعظم مقرر کیا گیا جو 17اپریل 1953ء تک اس عہدہ پر فائز رہے ۔ وہ 22اکتوبر 1964ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کی 55 ویں برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا۔