Live Updates

ہم عمران خان کی جانب سے کمیشن کے وعدے پر اسمبلی میں آئے تھے ،اسمبلی کو تو اہمیت ہی نہیں دی جاتی، حافظ حسین احمد

جو سسٹم اربوں روپے خرچ کر کے الیکشن کمیشن نے حاصل کیا تھا اسے ناکام بنایا گیا تھا ان سب چیزوں پر بات کرنے کے وعدے پر ہم نے تلخ گھونٹ پیا تھا، انٹرویو

منگل 22 اکتوبر 2019 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کی جانب سے کمیشن کے وعدے پر اسمبلی میں آئے تھے تاہم اسمبلی کو تو اہمیت ہی نہیں دی جاتی۔ایک انٹرویومیں حافظ حسین احمد نے کہا کہ پارلیمنٹ موجود ہے اور انتخابات کو 14 ماہ گزر چکے ہیں جبکہ انتخابات کے فورا بعد ہمارا مؤقف تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اور اس وقت بھی ہم نے اپنے حزب اختلاف کے رہنماؤں کو مشورہ دیا تھا کہ اس اسمبلی میں نہ جائیں۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ حزب اختلاف کے رہنماؤں نے ہم سے کہا کہ جمہوریت کی خاطر اسمبلی میں آ جائیں ہم انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کمیشن کا مطالبہ کریں گے اور خود عمران خان نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ کمیشن بنایا جائے گا اور ہر حلقہ کھولا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو سسٹم اربوں روپے خرچ کر کے الیکشن کمیشن نے حاصل کیا تھا اسے ناکام بنایا گیا تھا ان سب چیزوں پر بات کرنے کے وعدے پر ہم نے تلخ گھونٹ پیا تھا لیکن اسمبلی کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی اور آج بھی ہمارا الیکشن کمیشن مکمل نہیں ہے۔رہنما جے یو آئی (ف )نے کہا کہ عمران خان کسی حزب اختلاف کے رہنما سے بات کرنا اور ساتھ بیٹھنا تو درکنار وہ تو ہاتھ ملانا بھی نہیں چاہتے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات