نواز شریف کے مکمل طبی معائنے کیلئے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل ،معمول کا چیک اپ بھی کیا گیا

کارکنوں کی بڑ ی تعداد کی آمد، پارٹی قائد کی صحتیابی کیلئے دعا کی ، حق میں نعرے بھی لگاتے رہے

منگل 22 اکتوبر 2019 14:00

نواز شریف کے مکمل طبی معائنے کیلئے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل ،معمول ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کے چیک اپ کے لیے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا ۔ میڈیکل بورڈ میں ماہر سرجن،میڈیسن،شوگر،انفیکشن ڈیزیز اور پتھالوجسٹ شامل ہیں۔ پرنسپل سمز میڈیکل کالج پروفیسر محمود ایاز کو میڈیکل بورڈ کی سربراہی سونپی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پروفیسر آف پلمانولوجی ڈاکٹر کامران خالد چیمہ،پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر عارف ندیم ،پروفیسر آف پتھالوجی ڈاکٹر فائزہ بشیر،ایسوسی ایٹ پروفیسر آف انڈرو کرنالوجی ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ایسوسی ایٹ پروفیسر آف انفکیشن ڈیزیز ڈاکٹر صوبیہ قاضی بورڈ میں شامل ہیں ۔

نواز شریف کا ہسپتال میںمعمول کا طبی معائنہ بھی کیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کو ڈینگی بخار نہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔علاوہ ازیں کارکنوں کی بڑی تعداد سروسز ہسپتال کے باہر جمع رہی اور پارٹی قائد محمد نواز شریف کی صحتیابی کے لئے دعا بھی کی گئی ۔ اس موقع پر کارکنان قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔ سکیورٹی انتظامات کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی ہسپتال کے اندر او رباہر تعینات ہے ۔