ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی تشویشناک طبیعت بارے 8دن پہلے خط لکھ کر آگاہ کر دیا تھا‘ (ن) لیگ

نالائق حکومت کی جانب سے نواز شریف کی صحت پر بیان بازی بند نہ ہوئی تو حالات قابو میں نہیں رہیں گے‘ مریم اورنگزیب

منگل 22 اکتوبر 2019 14:00

ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی تشویشناک طبیعت بارے 8دن پہلے خط لکھ کر آگاہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صحت پر حکومتی بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی خرابی صحت کے بارے میں 16 اکتوبر کو ڈی جی نیب کو خط وزیراطلاعات کے منہ پر طمانچہ ہے ،ڈاکٹر عدنان نے 8دن پہلے خط لکھ کر بتادیا تھا کہ نوازشریف کی طبیعت سخت تشویشناک ہے ،جھوٹی اور بے شرم حکومت بتائے کہ 21 اکتوبر تک اس خط پر کیوں عملدرآمد نہیں ہوا اور اب ڈھٹائی سے جھوٹ بولا جارہا ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عدنان کے خبردار کرنے کے باوجود محمد نوازشریف کو پانچ گھنٹے کی تاخیر سے کیوں ہسپتال لیجایا گیا ڈاکٹر عدنان کے ٹیسٹ کے باوجود سرکاری ڈاکٹرز کوبلا کردوبارہ ٹیسٹ کیاگیا تو پلیٹ لیٹس 16 ہزار تک گرنے کی صدیق ہوئی ،خود ڈاکٹر ہوکر بھی کسی کی صحت پر تماشا لگانا اور کامیڈی کرنے پر شرم آنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف جھوٹے ترجمانوں کا بیان ان کی بدنیتی، بے حسی اور مجرمانہ ذہنیت کی عکاسی ہے ۔

حکومتی ترجمان کے پاس حکومت کی نالائقی اور نااہلی پہ جھوٹ بولنے کے سوا کوئی بیانیہ نہیں ،حکومت کو نواز شریف کی صحت پر سیاست اور بیان بازی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے ۔تہذیب سے عاری سلیکٹڈ اور نالائق وزیر اعظم اپنے کرائے کے ترجمانوں سے صرف جھوٹ بلوا سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کی صحت پرشرمناک بیانات سے کارکنان میں غم و غصہ اور شدید ردعمل پیدا ہورہا ہے اور ذمہ دار حکومت ہو گی، نالائق ، سیاسی یتیم، کرائے کے ترجمانوں نے نوازشریف کی صحت پر گھٹیا بیان بازی بند نہ کی تو سیاسی کارکنان راست اقدام اٹھائیں گے ۔

نواز شریف کی صحت پر بیان بازی چھوٹی ذہن کی عکاسی ہے ،نالائق حکومت کی نوازشریف کی صحت پربیان بازی بند نہ ہوئی تو حالات قابو میں نہیں رہیں گے ،کرائے کے ترجمان کے پاس کارکردگی بتانے کے لئے کچھ نہیں اور اب نواز شریف کی صحت پرسیاست شروع کر دی ہے۔