وزیراعلی سندھ کا طالبعلم انس حبیب کیلئے کتاب کا تحفہ،

حکومت سندھ کی جانب سے بھرپور تعاون کرنے کی یقین دھانی

منگل 22 اکتوبر 2019 14:19

وزیراعلی سندھ کا طالبعلم انس حبیب کیلئے کتاب کا تحفہ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) کامرس انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے اخبار فروش کے بیٹے انس حبیب سے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی اور انہیں کتاب کا تحفہ پیش کیا۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے طالبعلم انس حبیب کو اعلی تعلیم کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے بھرپور تعاون کرنے کی یقین دھانی کرائی۔

وزیراعلی سندھ نے طالب علم کا موبائل نمبر لیا اور کہا کہ کوئی بھی مسئلہ ہو تو آپ بلا جھجھک فون کریں۔مراد علی شاہ نے سندھ کی معیشت پر کتاب بھی طالبعلم انس کو تحفے میں دی جبکہ ان کے والد محمد حبیب کو وزیراعلی ہائوس کی شیلڈ پیش کی اور کہا کہ ہونہار طالب علم کی کامیابی کا سہرا آپ کے سر ہے اس لیے اس کے مستحق آپ ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو کراچی اعلی ثانوی تعلیم بورڈ کی جانب سے انٹر کامرس کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ہونہار طالب علم انس حبیب نے 1100 نمبر میں سے 969 لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔

انس حبیب کراچی کے علاقے صدر کی ایمپریس مارکیٹ میں 45 سال سے اخبار فروخت کرنے والے محمد حبیب کا بیٹا ہے جس نے کامرس انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں پہلی پوزیشن لے کر اپنے بوڑھے والدین اور بہن کا سر فخر سے بلند کرکے ان کی خواہش پوری کردی۔

متعلقہ عنوان :