دورہ آسٹریلیا سے ڈراپ ہونیوالے حفیظ ،شعیب ملک نے اپنا” دم خم “دکھا دیا

ٹی ٹونٹی کپ میں سپنرکی4وکٹیں، سینئربیٹسمین کے38رنز،سدرن کامیاب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 اکتوبر 2019 13:11

دورہ آسٹریلیا سے ڈراپ ہونیوالے حفیظ ،شعیب ملک نے اپنا” دم خم “دکھا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22اکتوبر2019ء) ”ہم میں اب بھی دم خم ہے“ شعیب ملک اورمحمد حفیظ نے ثابت کردیا، قومی ٹی ٹونٹی کپ میں سٹارز سے سجی ٹیم سدرن پنجاب نے سندھ کو 34 رنز سے شکست دے دی۔شعیب نے 38رنز بنائے، حفیظ نے 4 وکٹیں لیں،اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا، محض 4 رنز پر3 وکٹیں گرنے کے بعد وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ذمہ داری نبھائی، ان کے درمیان 73رنز کی شراکت بنی، وہاب30 بالز پر41 رنز بناکر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے 38 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، اختتامی اوورز میں عامر یامین نے27 اور بلاول بھٹی نے 24 قیمتی رنزجوڑے، ٹیم نے 9 وکٹ پر148 رنز بنائے، 4 پلیئرز صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، سہیل خان4 ، انور علی3 اور کاشف بھٹی2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔سندھ کی ٹیم جوابی اننگز میں 17.4 اوورز میں 114رنز پر ہمت ہارگئی، سرفراز احمدنے 37 گیندوں پر 45رنز سکور کیے، کپتان اسدشفیق 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، محمدحفیظ اور زاہد محمود نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔