متحدہ عرب امارات میں شارجہ کی ریاست غیر مُلکیوں کے لیے پسندیدہ ترین مقام بن گئی

دُبئی اور ابو ظہبی کی نسبت شارجہ میں مکانات نسبتاً کھُلے ، ہوادار اور کم کرایوں پر دستیاب ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 22 اکتوبر 2019 13:59

متحدہ عرب امارات میں شارجہ کی ریاست غیر مُلکیوں کے لیے پسندیدہ ترین ..
شارجہ (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر2019ء) متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں میں سے غیر مُلکیوں کے لیے شارجہ پسندیدگی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر آچکا ہے۔ زیادہ تر تارکین وطن شارجہ میں رہائش اور نوکری کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ شارجہ میں مکانوں کے کرائے دیگر ریاستوں خصوصاً دُبئی اور ابو ظہبی کے مقابلے میں کافی کم ہیں، اور یہ مکانات نسبتاً ہوادار اور کھُلے بھی ہیں۔

جبکہ دُبئی اور ابو ظہبی میں چھوٹے چھوٹے اپارٹمنٹس کا کرایہ ادا کرنا اکثر لوگوں کے بس کی بات نہیں رہی۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق شارجہ میں 2019ء کی تیسری سہ ماہی کے دوران2018ء کے اسے دورانیے کی نسبت اپارٹمنٹس اور مکانوں کے کرائے میں مزید11 فیصد کی کمی واقع ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ایک بلڈنگ کمپنی ایسٹیکو کا کہنا ہے کہ اس سے قبل شا رجہ میں مکانات کے کرایوں میں آخری مرتبہ کمی 2015ء کی پہلی سہ ماہی میں 32 فیصد تک کمی ہوئی تھی۔

دراصل دُبئی میں مکان کے کرایوں میں کمی ہونے کے بعد اب شارجہ میں بھی مکانوں کے کرائے کم ہونے جا رہے ہیں۔ پہلے دُبئی میں کام کرنے والے لوگ سستی رہائش کے باعث عجمان میں رہائش اختیار کیے ہوئے تھے، مگر عجمان سے دُبئی کافی دُور پڑتا ہے۔ اسی وجہ سے جب شارجہ میں کرائے کم ہوئے تو لوگوں نے عجمان کو چھوڑ کر اب شارجہ میں رہائش اختیار کر لی ہے۔ شارجہ میں کرایوں میں کمی کے باعث کرایہ داروں کا بہت فائدہ ہوا ہے، وہ اپنے مکان مالکان سے کرایہ کم کرنے کا مطالبہ کر دیتے ہیں اگر مالک مان جائے تو ٹھیک، ورنہ وہ کسی اور کم کرائے والی جگہ پر منتقل ہو جاتے ہیں۔ شارجہ میں اس وقت کرایوں کا تعین عمارت کے معیار اور وہاں موجود سہولیات پر منحصر ہے۔