چائنا ۔پاکستان یوتھ کلچرل ویک کے ثقافتی شو میں پاکستانی آرٹسٹوں کے فن پاروں کی نمائش

پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات درحقیقت دونوں ممالک کی تہذیبوں،کلچر اور عوام کے درمیان دوستی کا نتیجہ ہے،سفیر نغمانہ ہاشمی

منگل 22 اکتوبر 2019 14:50

چائنا ۔پاکستان یوتھ کلچرل ویک کے ثقافتی شو میں پاکستانی آرٹسٹوں کے ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستانی طلباء اساتذہ اور آرٹسٹوںکے 16رکنی وفد نے بیجنگ میں ہونے والے چائنا ۔پاکستان یوتھ کلچرل ویک کے ثقافتی شو میں حصہ لیا اور اپنے فن پاروں سے پاکستانی ثقافت کو بھر پور طریقے سے اجاگر کیا ۔یوتھ کلچرل ویک میں اس سال کے اوائل میں منعقدہ مصوری کا مقابلہ جیتے والے پاکستانی طلباء کی پینٹنگزاور دیگر 53 پینٹنگز کی بھی نمائش کی گئی جس کا موضوع ’’میری نظر میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو ‘‘ تھا ۔

ثقافتی شو میں پوسٹرز کا مقابلہ بھی شامل تھا جس میں نوجوان طلباء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس سے باہمی آگاہی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطہ اور تعاون کو فروغ ملے گا ۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی تعلقات اور دوستی درحقیقت دونوں ممالک کی تہذیبوں،کلچر اور عوام کے درمیان دوستی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی ایک طویل سرحد ہے اور دونوںممالک کے عوام کے درمیان بھی مشترکہ دوستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے جو نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ نوجوان نسل کو اس دوستی کا مضبوط احساس دلائیں اور انہیں پا کستان اور چین کے تعلقات کی اہمیت سے آگاہ کریں کیونکہ دونوں ممالک کا مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے ۔

انہوں نے گہرے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے وفود کے دوروں میں اضافہ پر زور دیا ،تعلیمی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین میں 28 ہزار سے زیادہ پاکستانی طلباء اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اسی طرح پاکستان کے تقریباً سب بڑے شہروں میں آٹھ کنفیوشیئز سینڑز قائم کئے گئے ہیں جبکہ چینی زبان کے مراکز بھی پاکستان میں ہمارے طلباء کو تعلیم دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی مراکز دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ اس موقع پر آل پاکستان چائنا فرینڈ شپ اسوسی ایشن کی صدر عطیہ ایوب قطب نے کہا کہ کلچرل ویک کے دوران طلباء بیجنگ اور تیانجن سکول کو بھی دورہ کریں گے تاکہ دوستانہ تعلقات اور نوجوانوں کے درمیان طلباء کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جاسکے، افتتاحی تقریب میں پاکستانی طلباء نے مختلف کرافٹس پیش کئے اور سوال و جواب کے سیشن میں حصہ لیا ،عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی شرکاء نے مختلف آرٹس اور فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :