لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل بینچز کی تشکیل ،

سپریم کورٹ کا اضافی بینچز کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات میں مداخلت نہ کرنے کا حکم

منگل 22 اکتوبر 2019 15:19

لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل بینچز کی تشکیل ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل بینچز کی تشکیل سے متعلق کیس کی سماعت کے دور ان سپریم کورٹ نے اضافی بینچز کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات میں مداخلت نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فارم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ منگل کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دور ان سماعت وکیل درخواست گزار نے کہاکہ فل کورٹ لاہور ہائیکورٹ نے بینچ نہ بنانے کا انتظامی فیصلہ کیا ۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ انتظامی فیصلے کو ہائیکورٹ کی جوڈیشل سائڈ پر چیلنج کیا جا سکتا ہے ، جوڈیشل سائیڈ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کی بجائے آپ سپریم کورٹ آ گئے۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ یہ مفاد عامہ اور بنیادی حقوق کا مقدمہ ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک انتظامی معاملہ چل رہا ہے ۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ انتظامی کارروائی کو سپریم کورٹ میں جوڈیشل سائیڈ پر چیلنج کیا گیا، سپریم کورٹ کا فل کورٹ انتظامی کارروائی کے خلاف درخواستوں کو سن رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آپ بھی لاہور ہائیکورٹ کے انتظامی فیصلہ کو جوڈیشل سائڈ پر چیلنج کریں۔ دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے اضافی بینچز کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات میں مداخلت نہ کرنے کا حکم د یا ۔