شما لی اٹلی میں طوفان بادوباراں ، شہری ڈوب کر ہلاک، دو معمر افراد لاپتہ ، پُل منہدم ہو گیا

منگل 22 اکتوبر 2019 15:44

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) شما لی اٹلی میں طوفان بادوباراں سے سیلاب آنے سے ایک شہری ڈوب کر ہلاک اور دو معمر افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ ایک پُل منہدم ہو گیا ہے۔اٹلی کی فائر فائیٹرز سروس کے مطابق شاملی علاقوں میں غیر متوقع طوفان بادوباراں سے متعدد علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ ایک ٹیکسی سیلابی پانی میں بہہ جانے سے ٹیکسی ڈرائیور ڈوب کر ہلاک ہو گیا جبکہ ٹیکسی میں بیٹھے برازیلین سیاح نے اپنی جان ایک درخت کی شاخ پکڑ کر بچا لی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ متاثرہ صوبہ الیسنڈریا کے خطے لیگیوریا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 100سے زائد افراد کو محفوظ پناہ گاہوں تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ میلان شہر سے جنووا تک فائر فائیٹرز 900 ریسکیو آپریشنز مکمل کر چکے ہیں۔حکام کے مطابق سیلاب سے شمالی علاقے میں دریائے پُو میں طغیانی آنے سے سیلابی ریلا ایک پل بہا کر لے گیا جبکہ بیشتر سڑکیں زیر آب ہیں۔حکام کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دریائے پو میں پانی کی سطح 3.5 میٹر تک بلند جبکہ لیک میگیور بھی لبالب بھر چکی ہے۔ دوسری طرف اٹلی کے جنوب میں شدید گرمی اور خشک موسم چل رہا ہے جس سے قحط سالی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔