بلدیہ اتحاد ٹائون یوسی 36میں پانی کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت

عدالت نے 25 نومبر تک درج شکایات پر جامع جواب طلب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو 15 روز میں پمپنگ اسٹیشن کو بحال کرنے کا حکم دیدیا

منگل 22 اکتوبر 2019 16:43

بلدیہ اتحاد ٹائون یوسی 36میں پانی کی عدم فراہمی سے متعلق درخواست کی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے بلدیہ اتحاد ٹائون یوسی 36میں پانی کی عدم فراہمی سے متعلق ایم ڈی واٹر بورڈ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈی سی ویسٹ سے 25 نومبر تک درج شکایات پر جامع جواب طلب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو 15 روز میں پمپنگ اسٹیشن کو بحال کرنے کا حکم دیدیا۔منگل کوجسٹس کے کے آغا اور جسٹس ذولفقار علی سانگی پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو بلدیہ اتحاد ٹائون یوسی 36 میں پانی کی عدم فراہمی سے متعلق ایم ڈی واٹر بورڈ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ایم ڈی واٹر بورڈ سمیت 50 سے زائد بلدیہ ٹائون کے مکین عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواستگزاروں کے وکیل منصف جان نے موقف دیا کہ اتحاد ٹاون میں تین ٹھیکیدار واٹر بورڈ کی سرپرستی میں پانی فروخت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹھیکیدار لاکھوں روپے بٹور کر اپنے من پسند لوگوں کو پانی مہیا کرتے ہیں۔ واٹر بورڈ اور ڈی سی ویسٹ کی سرپرستی میں پانی چوری کیا جارہا ہے۔ عدالت نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے استفسار کیا کہ آپ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ہے اپنے عدالتی حکم کی تعمیل کیون نہیں کی۔

ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ مجھے 15 دن کی مہلت دی جائے بلدیہ اتحاد ٹائون میں دو پمپنگ اسٹیشن غیر فعال ہیں کے الیکٹرک کی کچھ رقم واجب الادا ہیں۔ 15 دن میں غیر فعال پمپنگ اسٹیشن کو فعال کر دیں گے۔ عدالت نے ایم ڈی واٹر کو 15 دن میں بند پمپنگ اسٹیشن کو فعال کرنے اور بلدیہ اتحاد ٹان میں پانی چوری کے زمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیدیا۔ علاقہ مکینوں اور وکیل درخواست گزار کی نشاندہی پر عدالت نے ڈی سی ویسٹ سے بھی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ڈی سی ویسٹ 25 نومبر کو درج شکایات پر جامع جواب جمع کرائیں۔