متاثرین زلزلہ کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کوبرئوے کار لائیں گے، چوہدری طارق فاروق

میرپور میں زلزلہ کے بعد وزیر اعظم ،کابینہ کے ارکان اور اداروں نے بروقت اچھی طرح ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا، سینئر وزیر کی گفتگو

منگل 22 اکتوبر 2019 16:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) سینئر وزیر آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ میرپور میں زلزلہ کے بعد وزیر اعظم ،کابینہ کے ارکان اور اداروں نے بروقت اچھی طرح ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا، وزیر اعظم پاکستان ، آرمی کے آفیسران ،این ڈی ایم اے کے آفیسران بھی متاثرہ علاقوںمیں تشریف لائے۔

بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد اچھی طرح سے ہوا ہوتا تو کم نقصان ہوتا، متاثرین زلزلہ کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کوبرئوے کار لائیں گے۔ وہ منگل کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی کے لیے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں کابینہ نے اچھا کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کوڈ پر سرکاری یا نجی سطح پر صحیح طرح عملدرآمد نہ کیا گیا ۔انہوں نے زلزلہ کے شہدا کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔ چوہدری طارق فاروق نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ زلزلہ متاثرہ علاقہ میں نقصانا ت کے حوالہ سے میکنزم بنا رہے ہیں ہم چاہتے ہیں اس سلسلہ میں این ڈی ایم اے ہمارے ساتھ میز پر بیٹھے ۔مختلف افراد اور این جی اوز کی طرف سے بحالی کے کاموں پر ان کے شکر گزار ہیں ۔

اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے ڈریس کوڈ کے حوالہ سے رکن اسمبلی سحرش قمر کی قرارداد پر انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر ایوان میںبحث ہونی چاہیے۔ بظاہر ان کی تجویز اچھی ہے اور میں ذاتی طور پر اس کی حمایت کرتا ہوں۔ سینئر وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے مظالم ،لگاتار کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اس میں سلسلہ میں ہندوستان کی حکومت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ مقبوضہ کمشیر میں ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو ختم کرے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔