Live Updates

نوازشریف کےذاتی معالج نے7 بجے پلیٹ لیٹس سےآگاہ کردیا تھا، احسن اقبال

جیل حکام بروقت علاج کروانے کی بجائے رات بھرسوتے رہے، نوازشریف کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو عمران نیازی سن لو! تم ذمہ دار ہوگے، تم کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 اکتوبر 2019 16:57

نوازشریف کےذاتی معالج نے7 بجے پلیٹ لیٹس سےآگاہ کردیا تھا، احسن اقبال
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اکتوبر2019ء) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ذاتی معالج نے 7بجے پلیٹ لیٹس سے آگاہ کردیا تھا، جیل حکام بروقت علاج کروانے کی بجائے رات بھرسوتے رہے،نوازشریف کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو عمران نیازی سن لو! تم ذمہ دار ہوگے، تم کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ نوازشریف کی طبیعت اچانک خراب ہوئی۔

ڈاکٹرز نے کہا کہ نوازشریف کی صحت کو خطرہ ہے،نوازشریف کے پلیٹ لیٹس 10 ہزار سے نیچے گر گئے تو انہیں ہسپتال لے جایا جا رہا تھا اور حکومت کی مشیر اطلاعات جس طرح کی بیان بازی کررہی تھیں وہ کسی بھی انسان کیلئے قابل شرم اور ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ دنیا کے کسی بھی مہذب معاشرے میں ایسے تبصرے نہیں کرتا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جب کلثوم نوازبیمار تھیں تو پی ٹی آئی نے ان کی بیماری کا مذاق اڑایا۔

مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تو پی ٹی آئی کے میڈیا سیل نے تصاویر کو فوٹو شاپ کرکے پیش کیا، جو سیاست پر بدترین دھبہ ہے۔انہوں نے ایسی سیاست کو متعارف کروایا جس میں مخالفین کی بیماری پر بھی مذاق اڑایا جاتا ہے۔ عوام گوگل پر یا کسی بھی نیٹ سائٹ پر جاکر چیک کریں کہ 20ہزار کمی کے بعد انسان کو بلیڈنگ کا خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔جس کا فوری طور پر علاج کیا جانا چاہیے۔

کل نوازشریف کے ذاتی معالج نے رات 7 بجے حکام کو بتا دیا تھا لیکن حکام اس رپورٹ پر سوتے رہے، حکام کو نوازشریف کو ہسپتال منتقل کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں تھے لیکن حکام کے رپورٹ کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کے اندر تیسرے درجے کی سیاست متعارف کروا رہی ہے۔ نوازشریف کی صحت کے ساتھ جو کھیل کھیلا جا رہا ہے ، اس کی براہ راست ذمہ داری عمران نیازی پر عائد کرتے ہیں،نوازشریف کی صحت کو کوئی نقصان پہنچا تو عمران نیازی سن لو! تم ذمہ دار ہوگے، تم کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

یہ پاکستان میں سیاسی عذاب نازل ہوا ہے جس نے نفرت، حسد،اورتکبر کی سیاست کو متعارف کیا ہے ۔یہ ناصرف ملک کی جمہوریت کو گندا کررہا ہے، بلکہ پاکستان کی معیشت کو تباہی کے کنارے لا کھڑا کیا ہے، تحریک انصاف پاکستان کی معیشت کا نائن الیون ثابت ہوئی ہے۔پی ٹی آئی نے ابھرتی ہوئی معیشت کو کم درجے کی معیشت بنا دیا ہے۔آج پاکستان کی کرنسی ایشیاء کی کمزورترین کرنسی بن گئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات