وفاقی وزیر عمر ایوب خان سے ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل کی ملاقات

دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص توانائی کے شعبہ میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 22 اکتوبر 2019 17:16

وفاقی وزیر عمر ایوب خان سے ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان سے پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل نے منگل کو یہاں ملاقات کی اور ان کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص توانائی کے شعبہ میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ترکی کے صدر کے آئندہ دورہ پاکستان کیلئے دونوں ممالک کے درمیان خصوصی شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور قابل تجدید توانائی کے یہاں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ذریعے ہم ان سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی قابل تجدید توانائی پالیسی منظوری کے مراحل میں ہے جس سے اس شعبہ میں نئی سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے ترکی کی کمپنیوں کو پاکستان میں بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ترک سفیر نے پاکستان میں کام کرنے والی ترکی کی کمپنیوں کے ساتھ مسلسل تعاون پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبہ کی ترقی کا بغور جائزہ لے رہی ہیں اور وہ یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :