Live Updates

جعلی حکمرانوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زندگی داؤ پر لگادی ہے،مسلم لیگ(ن)سندھ

نیب کی حراست میں ان کو ذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے،ان کو ذاتی معالج سے نہیں ملنے دیا گیا ،جس کی وجہ سے ان کی حالت بگڑ گئی ، سید شاہ محمدشاہ کیپٹن (ر)صفدر اپوزیشن کے آزادی مارچ کے حوالے سے انتہائی متحرک ہیں اور ان کی آواز خاموش کرنے کے لیے انہیںبے بنیاد مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے،صدر مسلم لیگ(ن) سندھ

منگل 22 اکتوبر 2019 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ صدرسیدشاہ محمدشاہ نے کہا ہے کہ جعلی حکمرانوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی زندگی داؤ پر لگادی ہے،نواز شریف 21کروڑعوام کے ہردلعزیز رہنما ہیں،نیب کی حراست میں ان کو ذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے،ان کو ذاتی معالج سے نہیں ملنے دیا گیا ،جس کی وجہ سے ان کی حالت بگڑ گئی ۔

نواز شریف کو کچھ ہوا تواس کے ذمہ دار عمران خان اور ان کے سہولت کار ہوں گے۔منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نواز شریف شدید علیل ہیں اور ان کی علالت کے حوالے سے وفاقی حکومت اور نیب حکام بخوبی واقف تھے لیکن اس کے باوجود دوران حراست ان کو علاج معالجے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی ۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے اور اس نے تمام حدیں عبور کرتے ہوئے غیر انسانی کام شروع کردیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

نواز شریف دل کے عارضے سمیت مختلف امراض کا شکار ہیں ۔اس کے باوجود ان کو ذہنی طور پر ٹارچر کیا جارہا ہے ۔شریف فیملی کی جانب سے نیب سے متعدد بار کہا گیا نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان کو ان سے ملنے کی اجازت دی جائے لیکن وفاقی حکومت کی ایماء نیب حکام نے ایسا کرنے سے انکار کردیا ۔عمران خان کی اسی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث نوا ز شریف کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ حسین نواز شریف کی اس بات کو سنجیدگی سے لیا جائے گاکہ سابق وزیراعظم کو ہوسکتا ہے کہ زیر دیا جارہا ہے ۔انتقامی عمران خان سے کچھ بعید نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت کی خرابی کے حوالے سے ماہر ڈاکٹر ز ایک پینل تشکیل دیا جائے ۔نواز شریف کی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے ۔اگر سابق وزیراعظم کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان اور ان کے سہولت کار ہوں گے ۔

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی علالت کے حوالے سے بھی خبریں آرہی ہیں لیکن ان کو طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔اس طرح کے حالات تو کبھی آمرانہ دور میں بھی دیکھنے میں نہیں آئے ۔انہوںنے کہا کہ کیپٹن (ر)محمد صفدر کی گرفتاری نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ حکومت صرف ایک خاندان کو نشانہ بنانے کی پالیسی پر کاربند ہے ۔کیپٹن (ر)صفدر اپوزیشن کے آزادی مارچ کے حوالے سے انتہائی متحرک ہیں اور ان کی آواز خاموش کرنے کے لیے ان کو ایک بے بنیاد مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

عمران خان اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل وہ برداشت کرسکیں ۔اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ نے ان کی نیندیں حرام کردی ہیں ۔انہیں نظر آرہا ہے کہ ان کا وقت قریب آگیا ہے ۔عمران خان یاد رکھیں کہ ملک کو مشکلات بھنور میں پھنسانے کے بعد قوم ان کو لندن فرار نہیں ہونے دے گی اور ان کو اپنے ہر عمل کا جواب دینا ہوگا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات