الحمراء آن ویل کے تحت آگہی ڈرامہ ’’جہیز‘‘لاہورکالج فاریمن یونیورسٹی میں پیش

منگل 22 اکتوبر 2019 17:18

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) لاہورآرٹس کونسل الحمراء نے ’’الحمراء آن ویل‘‘ کے تحت سٹریٹ تھیٹر کی شکل میں آگہی ڈرامہ ’’جہیز‘لاہورکالج فارویمن یونیورسٹی میں پیش کیا۔ڈرامے کو ہزاروں کی تعداد میں طالبات نے دیکھا اور سبق آموز ڈرامے سے آگہی حاصل کی۔ لاہورکالج فاریمن یونیورسٹی کی طالبات ڈرامہ میں اداکاروں کی اعلیٰ پرفارمنس پر زبردست داد دیتی رہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہر علی خان نے اس حوالے سے کہا کہ الحمراء لوگوں کو معیاری تفریح، اپنی صلاحیتوں منوانے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف معاشرتی موضوعات پر آگہی بھی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹ تھیٹر ہماری احسن روایات کا حصہ ہے جیسے بحال کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لوگ اس اقدام کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔

عوام کی بات کو عوامی دہلیز پر لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ ’’جہیز‘‘ ایک معاشرتی مسئلہ ہے۔جو بے شمار مسائل کا باعث ہے جس پر جتنی آگہی فراہم کی جائے،کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹریٹ تھیٹر عوام کو اپنا پیغام پہنچانے کا موثر ذریعہ ہے۔ فرد اور سماج کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حدود کے تحت تمام تر اخلاقی اقدار کے عین مطابق الحمراء آرٹس کونسل شب روز عوام کیلئے نت نئے پروگرام پیش کر رہی ہے۔

ڈرامے میں اداکاروں نے اپنی مہارتوں کا مظاہر ہ کیا۔ڈائریکٹر آرٹس اینڈکلچرالحمراء ذوالفقار علی زلفی نے ڈرامہ کے آغاز میں طالبات سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ اقدام’’الحمراء آن ویل‘‘ بے حد کامیاب ہو رہا ہے جس کے تحت آج ہم آپ کے درمیان موجود ہیں۔ آپکو اس ڈرامے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے طالبات کو اپنی گفتگو میں آرٹ کی اہمیت سے بھی روشناس کروایا۔