Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کی نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

علاج کے حوالے سے سابق وزیر اعظم کے ذاتی معالج سے بھی مشاورت کی جائے۔ وزیراعلیٰ کی سروسز اسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 22 اکتوبر 2019 17:20

وزیراعلیٰ پنجاب کی نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 اکتوبر 2019ء) : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔نواز شریف کی پلیٹ لٹس کے حوالے سے حالت تسلی بخش نہیں ہے۔ن لیگ کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمہ دار عمران خان کی حکومت ہو گی۔

تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ وہ نواز شریف کے علاج کے لیے بہترین اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سردار عثمان بزدار نے سروسز اسپتال کی انتظامیہ کو نواز شریف کو بہترین علاج معالجہ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاج کے حوالے سے سابق وزیر اعظم کے ذاتی معالج سے بھی مشاورت کی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے امید ظاہر کی کہ نوازشریف کے ذاتی معالج بھی اس حوالے سے تعاون کریں گے۔دوسری جانب سروسز اسپتال میں نواز شریف کا علاج جاری ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لٹس کی تعداد خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے جب کہ انہیں پلیٹ لٹس کی دو میگا کٹس لگا دی گئی ہیں،ایک میگا کٹ لگانے سے پلیٹ لٹس کی تعداد 8 سے دس ہزار بڑھ جاتی ہے۔

ڈاکٹر ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حالت میں اب بہتری آ رہی ہے۔جب کہ سیکرٹری صحت پنجاب نے مزید ماہرین کو سروسز اسپتال طلب کیا ہے۔۔ جب کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے ے سروسز ہسپتال میں زیر علاج مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی عیاد ت کی ہے۔ شہباز شریف نے نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی اور ڈاکٹروں سے ان کی صحت اور علاج معالجے پر مشاورت کی ۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک نیچے گر گئے تھے لیکن اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ ان کے ناک او رمنہ سے بلیڈنگ نہیں ہوئی ،ہمیں اورڈاکٹرزکو اس بات کی سخت تشویش ہے کہ پلیٹ لیٹس صرف15ہزارکی سطح پر آ گئے جو معمول کے مطابق ڈیڑھ سے چار لاکھ کے درمیان ہوتے ہیں ،پلیٹ لیٹس اتنی تیزی سے نیچے آئے ہیں جوبہت تشویشناک بات ہے اور اس کی باقاعدہ انکوائری ہونی چاہیے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات