قائم مقام صدر صادق سنجرانی کی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات ، چچا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

منگل 22 اکتوبر 2019 17:54

قائم مقام صدر صادق سنجرانی کی سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے چچا ملک محمد نظیف خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا جن کا اتور کو صوابی میں انتقال ہو گیا تھا، قائم مقام صدر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس صدمہ کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر مینگل، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز اور وزیر مملکت برائے تعمیرات شبیر علی قریشی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کرکے تعزیت کی۔ اراکین قومی اسمبلی اسد عمر، علی خان جدون، عمران خٹک، محسن داوڑ، میجر طاہر صادق، ڈاکٹر حیدر علی، غلام مصطفی شاہ، پرنس نواز خان الائی اور دیگر نے بھی سپیکر قومی اسمبلی سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ملاقاتیں کی اور ان کے چچا کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب اور لواحقین کو اس صدمہ کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی کے چچا کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی فاتحہ خوانی تقریب منعقد کی گئی جس میں مرحوم کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اللہ تعالیٰ سے لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ فاتحہ خوانی کی تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی و سینٹ ، میڈیا کے نمائندوں، سیکریٹری قومی اسمبلی ، قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران اور عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔