آئی جی پنجاب کی سنٹرل پولیس آفس میں چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق سے ملاقات

پنجاب پولیس اور ٹیوٹا کے اشتراک سے اندرون و بیرون ملک ملازمتوں کیلئے قابل اور افرادی قوت حاصل ہوگی‘کیپٹن (ر ) عارف نواز

منگل 22 اکتوبر 2019 17:57

آئی جی پنجاب کی سنٹرل پولیس آفس میں چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے کہ شہریوں کو ڈرائیونگ کی معیاری تربیت فراہم کرکے شاہرات پر ٹریفک کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانا پنجاب پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ تربیت یافتہ ڈرائیورز کے شاہرات پر آنے سے نہ صرف ٹریفک حادثات میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو مزید تحفظ حاصل ہوگا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس اور ٹیوٹا کے اشتراک سے شہریوں کو ڈرائیونگ کی عالمی معیار کی تربیت جبکہ بیرون ملک ملازمتوں کیلئے ماہر اور ہیوی ڈیوٹی ڈرائیورزکی افرادی قوت میسر آئے گی جس سے صوبہ بھر کے ہزاروں شہری باعزت روزگار کی فراہمی کے حوالے سے مستفید ہوسکیںگے انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس شہریوں کو ٹریفک لائسنس کی باآسانی فراہمی کیلئے اپنے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلاکر اقدامات کر رہی ہے اوراس ضمن میں صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس خدمت مراکز اور موبائل خدمت مراکز مصروف عمل ہیں جہاں شہریوں کو بغیر کسی پریشانی ٹریفک لائسنس حاصل ہورہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں چئیرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات شہریوں کو ڈرائیونگ کی تربیت اور لائسنس کی فراہمی کیلئے پنجاب پولیس اور ٹیوٹا کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا جس کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں شہریوں کوڈرائیونگ کی عالمی معیار کی تربیت اور لائسنس کی فراہمی میں مزید آسانی حاصل ہوگی۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک فاروق مظہر ٹیوٹا کے چیف آپریٹنگ آفیسر اخترعباس بھروانہ نے ایم او یو پر دستخط کئے ۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی ، سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) لیاقت ملک سمیت ٹیوٹا کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ایم او یو کے تحت پنجاب پولیس تربیتی سنٹرز کیلئے ماہر انسٹرکٹرز کے علاوہ تھیوری میٹریل جبکہ ٹیوٹا لاجسٹکس سپورٹ فراہم کرے گا۔ ٹریفک پولیس اور ٹیوٹا کے اشتراک سے صوبہ بھرمیں ماہر انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی شہریوں کومختصر اور طویل دورانئے کے ڈرائیونگ کورسز کروائیں جائیں گے۔

شارٹ کورسز تین روز کے ہونگے جبکہ لانگ ٹرم کورسز کا دورانیہ 2ماہ ہوگا ۔چئیرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک پولیس اور ٹیوٹا مشترکہ طور پر ڈرائیورز کو پبلک سروس وہیکلز اور ہیوی ڈیوٹی ڈرائیونگ کوبین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کریں گے اورڈ رائیونگ سیکھنے والے افراد کو ٹریفک لائسنس کی فراہمی کے بعد روزگار کے حصول میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی ۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک فاروق مظہر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل ٹریفک پولیس لاہور ٹیوٹا کے اشتراک سے 9ہزار شہریوں کو ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کرچکی ہے جبکہ نئے ایم او یو سے بھی صوبے بھرکی عوام مستفید ہوسکیں گے۔ ملاقات کے اختتام پر پنجاب پولیس اور ٹیوٹا کے افسران کے مابین یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیاگیا۔