موجودہ حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی اور بہتری کے لئے تاریخی 309 ارب روپے مختص کئے ہیں،صاحبزادہ محبوب سلطان

منگل 22 اکتوبر 2019 18:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی اور بہتری کے لئے تاریخی 309 ارب روپے مختص کئے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے زرعی شعبہ کو نظر انداز کیا جس کے باعث اس شعبہ کی ترقی نہیں ہو سکی، حکومت زراعت کے تمام شعبوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

منگل کو یہاں ایک بیان میں وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ موجودہ حکومت غربت کے خاتمے اور پسماندہ طبقے کو اوپر لانے کیلئے خیبرپختونخوا، سندھ میں بالترتیب دس دس لاکھ، پنجاب میں بیس لاکھ جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پانچ پانچ لاکھ مرغیاں مستحق گھرانوں میں تقسیم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے 309 ارب روپے کا زرعی ایمرجنسی پیکج دیا جس سے زراعت کی ترقی کے لئے 13 منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران موجودہ حکومت کی کاوشوں سے زرعی شعبہ میں بہتری اور ترقی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور زراعت کے شعبہ میں ترقی اور بہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کے لئے اور کاشتکاروں کی فلاح کے لئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں زرعی شعبہ کی اہمیت کو بیان کیا، وزیراعظم خود زرعی شعبہ کی ترقی اور بہتری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔