گورنرخیبرپختونخوا سے ایران کے قونصل جنرل محمدباقر بیگی کی ملاقات

پاکستان اسلامی برادر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کوفروغ دینے کی پالیسی پرعمل پیراہے،شاہ فرمان

منگل 22 اکتوبر 2019 19:01

گورنرخیبرپختونخوا سے ایران کے قونصل جنرل محمدباقر بیگی کی ملاقات
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان سے پشاورمیں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل محمدباقر بیگی نے منگل کے روز گورنرہاوس پشاورمیں الوداعی ملاقات کی، اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ایرانی قونصل جنرل کی دونوں اسلامی برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں انکے بطور قونصل جنرل خدمات کو سراہا اورتعریف کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کاکہنا تھا کہ اسلامی پڑوسی ممالک پاکستان،افغانستان ،ایران اوروسط ایشیاء کے ممالک کو معاشی سرگرمیوں کوبڑھانے اوراقتصادی روابط کوفروغ دینے کیلئے ملکر کام کرنا چاہیئے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی برادر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کوفروغ دینے کی پالیسی پرعمل پیراہے تاکہ مسلم برادری ممالک کے تجارتی تجربات سے استفادہ حاصل کیا جاسکے، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے تناظر میں مسلم امہ چھوٹے چھوٹے اختلافات کو نظرانداز کرتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ کرے، گورنر خیبرپختونخوا نے بھارتی مظالم کے خلاف اورکشمیری عوام کی حمایت کرنے پرحکومت ایران اورایرانی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا،اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے اپنی مدت تعیناتی کے دوران ہرقسم کے تعاون اورامداد پر گورنر خیبرپختونخوا اورصوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔