Live Updates

پورے صوبے کے عوام پلاسٹک بیگز کے متبادل کو اپنائیں ،مشتاق غنی

پلاسٹک کا استعمال نہ صرف حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ اسکے بے دریغ استعمال کی وجہ سے ہمارا ماحول بھی انتہائی گندہ ہوگیا ہے،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

منگل 22 اکتوبر 2019 19:01

پورے صوبے کے عوام پلاسٹک بیگز کے متبادل کو اپنائیں ،مشتاق غنی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) ہم صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا کے پلیٹ فارم سے پورے صوبے کے عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پلاسٹک بیگز کے متبادل کو اپنائیں۔پلاسٹک کا استعمال نہ صرف حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ اسکے بے دریغ استعمال کی وجہ سے ہمارا ماحول بھی انتہائی گندہ ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے خیبر پختونخوا اسمبلی نہ صرف ضروری قانون سازی کریگی بلکہ اسکے متبادل نظام کو متعارف کرانے میں بھی اپنا کردار ادا کریگی۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے صوبائی اسمبلی سیکریٹ میں یو این ڈی پی کی جانب سے منعقد کردہ ماحولیاتی آلودگی اور پلاسٹک بیگ کے خلاف آگاہی مہم کے دوران کیا۔سپیکر مشتاق غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ گلوبل وارمنگ میں بھی پچھلے چند دہائیوں میں کافی اضافہ ہوا ہے اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت صوبے بھر میں چلائی جانے والی بلین ٹری سونامی مہم کی بدولت گلوبل وارمنگ میں خوش گوار تبدیلی آئی ہے ۔

(جاری ہے)

جنگلات کی مناسب دیکھ بھال اور شجر کاری مہم کو پورے ملک تک وسعت دینے کی بدولت بہت جلد ہم اس مسلے پرحت الامکان قابو پالینگے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ماحول کو صاف رکھنے میں جو سب سے بڑا چیلینج سامنے آ رہا ہے وہ پلاسٹک سے بنی بوتلیں اور شاپنگ بیگز ہیں جن کے بے دریغ استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے ۔چونکہ پلاسٹک سے بنے شاپنگ بیگز اور بوتلیں مٹی میں تحلیل نہیں ہوتی اس لئے ان کی وجہ سے شہروں میں سیوریج کا نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے ۔

خاص طور پر جب بارش ہوتی ہے سیوریج سسٹم نکاس کا راستہ نہ پاکر سڑکوں پر سیلابی صورتحال پیدا کردیتا ہے اور عوام الناس کو ایک بڑے کرب سے گزرنا پڑتا ہے۔انھوں نے عوام کو اپنے پیغام میں کہا کہ وہ پلاسٹک کے متبادل نظام کو اپنائیں اور ماحول کو صاف رکھنے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔انھوں نے اس موقع پر موجود مشیر ثانوی تعلیم ضیاء اللہ بنگش کو ہدایات جاری کی کہ وہ صوبے کی تمام تعلیم اداروں میں پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف اور اسکے متبادل ماحول دوست نظام کو اپنانے کی مہم شروع کریںاسکے علاوہ انھوں نے اس مہم کو کالجوں یونیورسٹیوں تمام سرکاری و نیم سرکاری اداروں تک وسعت دینے کا بھی کہا اور ساتھ میں ضلعی انتظامیہ پر بھی زور دیا کہ وہ بازاروں سے پلاسٹک بیگز اٹھوائیں اور دکانداروں و چھابڑی فروشوں کو پلاسٹک کا متبادل نظام اپنانے پر بھی سختی سے زور دیں۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کو ہدایات جاری کی کہ دو ہفتے کے اندر بازاروں میں دکانداروں کو تنبیہ کی جائے کہ وہ پلاسٹک بیگز کو مکمل طور پر ختم کردیں بصورت دیگر دوہفتوں کے بعد کریک ڈاون کیا جائے گا اور انتظامیہ سختی کرنے پر مجبور ہو گی ۔ بعد ازاں پروگرام کے شرکاء میں ماحول دوست بائیو ڈگریڈایبل بیگز تقسیم کے گئے ۔اس موقع پر سپیکر نے یو این ڈی پی کے چیف ٹیکنیکل آفیسر ڈیرن نینس اور ممبران صوبائی اسمبلی کے ہمراہ گو گرین پاکستان مہم کے تحت اسمبلی سیکرٹریٹ میں پودا لگایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات