پاکستان کوئی چیز چھپا نہیں رہا، سفارتکاروں اور میڈیا نے بھارتی آرمی چیف کے دعوے کی حقیقت دیکھ لی،

عالمی برادری سے درخواست ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر جائیں اور حقائق سامنے لائیں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی لائن آف کنٹرول پر غیر ملکی سفارتکاروں اور غیر ملکی میڈیاکے نمائندوں کو بریفنگ

منگل 22 اکتوبر 2019 19:58

پاکستان کوئی چیز چھپا نہیں رہا، سفارتکاروں اور میڈیا نے بھارتی آرمی ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سفارتکاروں اور میڈیا نے بھارتی آرمی چیف کے دعوے کی حقیقت دیکھ لی، عالمی برادری سے درخواست ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر جائیں اور حقائق سامنے لائیں۔ وہ منگل کو لائن آف کنٹرول پر غیر ملکی سفارتکاروں اور غیر ملکی میڈیاکے نمائندوں کو بریفنگ دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دیکھ لے گا مقبوضہ کشمیر والوں کے دلوں میں پاکستان کیسے بستا ہے، پاکستان کا بھارت کو چیلنج ہے کہ وہ بھی ایل او سی پر سفارتکاروں اور میڈیا کو لے کر جائے، بھارت اپنا دعویٰ ثابت کرنے کیلئے اپنی مرضی کے سفارتکار اور میڈیا پاکستان سے لے۔ انہوں نے غیر ملکی سفیروں کو لائن آف کنٹرول پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوئی چیز چھپا نہیں رہا، آپ جہاں جانا چاہتے ہیں ہم خوش آمدید کہیں گے، کیا بھارت بین الاقوامی میڈیا کو اس طرح اجازت دے گا۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے 2018ء میں 3038 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کیں، بھارتی فوج کی گزشتہ برس اشتعال انگیزیوں میں 58 شہری شہید ہوئے، 2018ء میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے 319 شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے رواں برس 2608 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی، بھارتی فوج کی رواں برس سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں میں 44 شہری شہید ہوئے، رواں برس اب تک بھارتی اشتعال انگیزیوں کے واقعات میں 230 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی سفارتکاروں کو ایل او سی پر جانے کی جرأت نہیں ہوئی، بھارتی ہائی کمیشن اپنے آرمی چیف کے دعوے پر کھڑا نہ رہ سکا، غیر ملکی سفارتکار، میڈیا گروپ ایل او سی پر سچ سامنے لائیں گے۔