عوام نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کرے، ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی صحت بہتر ہو رہی ہے،

امید ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بہتری آئے گی مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس

منگل 22 اکتوبر 2019 20:26

عوام نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کرے، ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت کے حوالہ سے سخت تشویش کا اظہار ہے۔ منگل کو نیشنل پریس کلب میں پارٹی کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی صحت کے حوالہ سے کئی روز پہلے حکومت کو آگاہ کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز، شاہد خاقان عباسی اور رانا ثناء الله کی صحت کے حوالہ سے بھی اطلاعات مل رہی ہیں، حکومت کو اس طرف توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کی صحت یابی کیلئے دعا کرے، ڈاکٹر نواز شریف کی صحت کو مانیٹر کر رہے ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی صحت بہتر ہو رہی ہے، امید ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ انہوں نے غلط دوائیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی ٹیم نے نواز شریف کا معائنہ کیا جس کے بعد انہیں ہسپتال بھجوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو فوری طور پر عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے اور مریم نواز شریف سے ملنے کیلئے ڈاکٹر عدنان کو فوری اجازت دی جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مریم نواز کو بھی نواز شریف سے ملنے کی اجازت دی جائے، نواز شریف اس ملک کا اثاثہ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ 27 اکتوبر کو کشمیریوں کے ساتھ مل کر یوم سیاہ منائیں گے ۔