معروف مذہبی رہنما سید چراغ الدین شاہ کا مارچ اور دھرنے سے لاتعلقی کا اعلان

منگل 22 اکتوبر 2019 20:31

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) ضلعی امن کمیٹی کے سینئر رکن سید چراغ الدین شاہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام ،دانشور اور معاشرے کے مختلف طبقات کی نمائندہ شخصیات ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں، ہمارا کسی مارچ یا دھرنے سے کوئی تعلق نہیں ،ماضی میں بھی قانون کی حکمرانی،دہشت گردی کے خاتمے اور معاشرتی امن کے قیام اور استحکام کے لئے پاک افواج سمیت تمام ریاستی اداروں کا ساتھ دیا اب بھی اپنے اداروں کے ساتھ ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ضلعی امن کمیٹی اور تاجر برادری سمیت اہم شخصیات کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کر کے مارچ ،دھرنوں سے لاتعلقی اور ریاستی اداروں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

سید چراغ الدین شاہ نے کہا کہ ملکی حالات خاص کر عالمی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ پاکستان میں قابل رشک قومی یکجہتی ہو کیوں کہ اس وقت مسئلہ کشمیر نتیجہ خیز موڑ پر ہے ان حالات میں ہمارا ملک کسی قسم کی انتشاری کیفیت کا متحمل نہیں ہو سکتا جبکہ مارچ اور دھرنے ہمیشہ انتشار کی کیفیات پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز آرٹس کونسل میں ضلعی امن کمیٹی،تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور اہم معاشرتی شخصیات کے ہمراہ ہم ایک اھم پریس کانفرنس کریں گے جس میں اس بات کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا،معاشرتی شخصیات سے مشاورت کے بعد سید چراغ الدین شاہ نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا سے ملاقات بھی کی اور پنڈی میں قیام امن کے لئے پولیس کی کاوشوں کو سراہا ۔