وائس چانسلر کی زیر صدارت ہزارہ یونیوسٹی مانسہرہ کی سنڈیکیٹ کا اجلاس

یونیورسٹی ملازمین بعض کیسز کو بھی زیر غور لایا گیا اور کئی امور کے بارے میں متفقہ طور پر سفارشات مرتب کی گئیں

منگل 22 اکتوبر 2019 20:56

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) ہزارہ یونیوسٹی مانسہرہ کی سنڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہو۔ اجلاس میں مختلف امور پر مشاورت کی گئی جن میں الحاق کمیٹی کی سفارشات کو منظور کیا گیا اور ہزارہ یونیورسٹی اور فنانشلز ان لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ کی توثیق کی گئی جس کے تحت یونیورسٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ، مینجمنٹ سائنسز اور کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے طلباء و طالبات اور سکالرز کو سافٹ ویئر ہائوس کے ذریعہ تربیت دی جائے گی اور ان شعبوں کے فارغ التحصیل گریجویٹس کو انٹرن شپ کے ساتھ ساتھ مختلف اداروں میں ملازمتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

دونوں ادارے یونیورسٹی کے اندر سافٹ ویئر ہائوس بھی قائم کریں گے جس سے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

سنڈیکیٹ کے اجلاس میں یونیورسٹی ملازمین بعض کیسز کو بھی زیر غور لایا گیا اور کئی امور کے بارے میں متفقہ طور پر سفارشات مرتب کی گئیں۔ اس کے علاوہ متعدد امور پر سیر حاصل بحث و مباحثہ کے بعد سنڈیکیٹ کے اراکین نے انہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ نے سنڈیکیٹ کے تمام ممبران خاص کر وہ ممبران جو اسلام آباد، پشاور اور ایبٹ آباد سے تشریف لائے ہیں، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس سے یونیورسٹی سے منسلک اساتذہ، ملازمین اور دیگر افراد کے حوالہ سے جو مثبت فیصلے کئے گئے ان کی بدولت ہزارہ یونیورسٹی میں انتظامی، تدریسی، تعلیمی، تحقیقی اور تخلیقی امور میں بہتری آئے گی۔

وائس چانسلر نے میٹنگ کے تمام شرکاء کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون، رہنمائی اور مثبت سوچ کی بدولت آج کی سنڈیکیٹ کے اجلاس کی کارروائی مثبت انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچی اور سنڈیکیٹ کے معزز ممبران نے اجلاس کے دوران ہر موقع پر رہنمائی کی اور تمام ایجنڈا آئٹم بطریق احسن مکمل ہوا۔ معزز ممبران نے یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور تعلیمی و تحقیقی حوالوں سے بہتری اور ترقی کو سراہا۔

سنڈیکیٹ کے ممبران جن میں جسٹس ریٹائرڈ نثار حسین خان سابق جج پشاور ہائی کورٹ، محمد شعیب ڈپٹی سیکرٹری سٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ پشاور، خورشید عالم ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ پشاور، نوران شاہ نمائندہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پشاور، فیاض احمد پرنسپل جناح ڈگری کالج مانسہرہ، ڈاکٹر شہناز غفار سابق پرنسپل آرمی برن ہال کالج ایبٹ آباد، پروفیسر صغریٰ پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بٹگرام، پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین ڈین سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر اذکیا ہاشمی ڈین لاء اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر فدا محمد عباسی ڈین ہیلتھ سائنسز، محمد سجاد رجسٹرار، ڈاکٹر محسن نواز چیئر مین کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر مسرور بنگش اسسٹنٹ پروفیسر کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ، اعجاز علی شاہ لیکچرار سٹیٹسٹکس ڈیپارٹمنٹ، شکیل خان ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، یار محمد خان ڈپٹی رجسٹرار، وقاص خان ڈپٹی رجسٹرار، خرم جمال ٹریژر اور جمیل الرحمن ڈپٹی ٹریژر ہزارہ یونیورسٹی کے علاوہ دیگر متعلقہ عملہ نے شرکت کی۔