Live Updates

کامیاب جوان پروگرام کے ڈیجیٹل پورٹل پر 16 لاکھ سائبر حملوںکو ناکام بنایا گیا، عثمان ڈار

ایک لاکھ78 ہزار حملے بھارت سے کئے گئے پروگرام کے ذریعے قرضے کے حصول کے لئی2,59,767 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں سرکاری ملازمین سمیت 21 سے 45 سال تک کے تمام پاکستانی شہری قرضوں کے حصول کے لئے درخواست دے سکتے ہیں، پروگرام کے پہلے مرحلے میں خواتین کے لئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں،دوسرے مرحلے میں اقلیتوں اور معذور افراد کے لئے بھی کوٹہ مختص کیا جائے گا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں کی پریس کانفرنس

منگل 22 اکتوبر 2019 22:27

کامیاب جوان پروگرام کے ڈیجیٹل پورٹل پر 16 لاکھ سائبر حملوںکو ناکام بنایا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضے کے حصول کے لئے اب تک 2 لاکھ 59 ہزار 767 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، کامیاب جوان پروگرام کی ڈیجیٹل پورٹل پر بھارت سمیت دیگر ہیکروں نے سائبر حملے کئے ہیں جن کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے تحت شفاف طریقہ کار اور میرٹ کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کے لئے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم تشکیل دیاگیا ہے۔ نوجوانوں نے بڑی تعداد میں آسان شرائط پر قرضوں کے حصول کے لئے درخواستیں دے کر اس پروگرام کا خیر مقدم کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے آغاز سے لے کر 2 لاکھ 59 ہزار 767 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ روزانہ 50 سے 80 ہزار کے درمیان درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پورٹل پر 16 لاکھ سائبر حملے ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک لاکھ 78 ہزار سائبر حملے بھارت سے کئے گئے ہیں جن کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ این ٹی سی کی انتظامیہ نے اس پورٹل کے لئے محفوظ اور فول پروف نظام وضع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران قرضوں کے حصول کے لئے 90 ہزار نوجوانوں نے درخواستیں دی تھیں کیونکہ اس وقت لوگوں کو لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر بینکوں میں درخواستیں جمع کرانا پڑتی تھیں لیکن اب ملک بھر سے نوجوان قرضہ کے حصول کے لئے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوانوں کو 45 پسماندہ اضلاع میں 10 ہزار سے ایک لاکھ تک بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔

ایک لاکھ سے 5 لاکھ روپے تک کے قرضوں پر شرح سود 6 فیصد ہو گی جبکہ 5 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک قرضے پر 8 فیصد ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایکسٹرنل ایجنسی درخواست دہندہ سے متعلق معلومات حاصل کرے گی جبکہ درخواست کا سکور کارڈ بھی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کسی سیاسی مداخلت کے بغیر میرٹ پر قرضے دیئے جائیں گے۔ بینکوں کو قرضوں کی فراہمی کا عمل مکمل کرنے کے لئے 45 سے 50 دن کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔

امید ہے کہ دسمبرسے نوجوانوں میں قرضوں کی رقوم کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے آئیے پہلے پایئے کی بنیاد پر یہ قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ سرکاری ملازمین سمیت 21 سے 45 سال تک کے تمام پاکستانی شہری قرضوں کے حصول کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں خواتین کے لئے 25 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں اقلیتوں اور معذور افراد کے لئے بھی کوٹہ مختص کیا جائے گا۔

انہوں نے امیدظاہر کی کہ قرضوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرا مرحلہ جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے نوجوانوں کے متعلق تفصیلی معلومات کا حصول ممکن بنایا گیا ہے جس سے مستقبل میں پالیسی سازی اور وزیراعظم کے کاروبار میں آسانی کے ویژن پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔ عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام نوجوانوں کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔

صنعتوں کو فروغ ملے گا اور معیشت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ویب پورٹل پر ملک بھر میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق جاری پروگراموں کی تفصیل موجود ہوں گی جس سے نوجوان مثر انداز میں استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپ گرین یوتھ موومنٹ اور انٹرن شپ پروگرام بھی جلد شروع کئے جائیں گے۔ اس موقع پر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان کو پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات