رانا ثناء اللہ کیس کی سماعت کرنے والا جج تبدیل

رانا ثناء اللہ کے مقدمہ کی سماعت کرنیوالے جج مسعود ارشد باگڑی کا تبادلہ انسداد دہشت گردی ملتان کی عدالت نمبر 2 میں کردیا گیا

منگل 22 اکتوبر 2019 22:32

رانا ثناء اللہ کیس کی سماعت کرنے والا جج تبدیل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) منشیات کے کیس میں قید رانا ثناء اللہ کے مقدمہ کی سماعت کرنیوالے جج مسعود ارشد باگڑی کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ جج کا تبادلہ ملتان انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 کے بطور جج کیا گیا ہے۔ جو 2 نومبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیں گے۔ اس سے قبل آج رانا ثنا اللہ کیخلاف منشیات برآمدگی کے کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے سرکاری وکیل کاشف جاوید پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، مقدمہ تین نا معلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

گلبرگ پولیس نے دھمکیاں دینے، کار کو نقصان پہنچانے اور ایک سے زائد افراد کا حملہ کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ۔ ایف بی آر کے متن میں کاشف جاوید کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی رانا ثنااللہ کے کیس کی پیروی کر رہا ہوں، مشکوک افراد کی طرف سے گزشتہ کئی روز سے پیچھا کیا جا رہا تھا اور دھمکیاں بھی دی جارہی تھی۔گزشتہ رات لبرٹی کے قریب سفید کرولا 18 /147- LEE کار نے میرا پیچھا کیا اور کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں کار کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا اور میں بال بال بچ گیا ۔لوگوں کا ہجوم دیکھ کر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔